سری نگر: (یو این آئی) جنوبی ضلع شوپیاں کے باس کوچھن امام صاحب علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین تصادم آرائی میں ایک مقامی ملی ٹینٹ مارا گیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹ سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور اُنہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں ملوث رہا ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے پہاڑی ضلع شوپیاں کے باس کوچھن گاوں میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے اتوار اعلیٰ الصبح علاقے کو اپنے محاصرے میں لے کر انہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے گھر گھر تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔
انہوں نے بتایا کہ خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر ملی ٹینٹوں نے اندھا دھند گولیاں برسا کر فرا ر ہونے کی بھر پور سعی کی تاہم حفاظتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے انہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
اُن کے مطابق کچھ عرصے تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں ایک مقامی جنگجو مارا گیا۔
دریں اثنا ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ شوپیاں کے باس کوچھن گاوں میں جنگجووں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے اتوار اعلیٰ الصبح گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔اُن کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور کچھ عرصے تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں ایک جنگجو ہلاک ہوا ہے۔اے ڈی جی پی نے مہلوک جنگجو کی شناخت نصیر احمد بٹ ساکن نو پورہ باس کوچھن شوپیاں کے بطور کی۔
انہوں نے کہا کہ تصادم کی جگہ اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹ گزشتہ دنوں ہی تصادم آرائی کے دوران سیکورٹی فورسز کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوا تھا۔
اے ڈی جی پی نے بتایا کہ مہلوک جنگجو سیکورٹی فورسز کو کئی کیسوں میں مطلوب تھا اور وہ عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں بھی ملوث رہا ہے۔علاوہ ازیں پولیس نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اُسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان و مال کی محافظ ہے لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔
شوپیاں تصادم : لشکر طیبہ کا مقامی جنگجو ہلاک، اسلحہ وگولہ بارود ضبط
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS