اشونی ویشنو
مرکزی وزیر، حکومت ہند
’جب ہم عالمی مستقبل کے بارے میں بات کرتے ہیں، تو انسانوں پر مرکوز نقطہ نظر کو سب سے آگے ہونا چاہیے۔‘حال ہی میں اقوام متحدہ کے ’مستقبل کے سربراہی اجلاس‘ میں ہمارے معزز وزیر اعظم نریندر مودی کے یہ الفاظ لوگوں کو اولین ترجیح دینے کے ہندوستان کے وژن کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس فلسفے نے ڈیجیٹل پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن (ڈی پی ڈی پی) قواعد، 2025 کے مسودے کی تشکیل میں ہماری کوششوں کی رہنمائی کی ہے۔ قواعد کو حتمی شکل دینے کے بعد ڈیجیٹل پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن ایکٹ، 2023 کو عملی جامہ پہنایا جائے گا، جس سے شہریوں کے ذاتی ڈیٹا کے تحفظ کے حق کی حفاظت کے لیے ہمارے عزم کو تقویت حاصل ہوگی۔
عطائے اختیار کا نیا دور
ہندوستانی شہری ڈی پی ڈی پی قواعد 2025 کے مرکز میں ہیں۔ ڈیٹا کے بڑھتے ہوئے غلبے والی دنیا میں ہم سمجھتے ہیں کہ لوگوں کو حکمرانی کے ڈھانچے کے مرکز میں رکھنا ضروری ہے۔ یہ قوانین شہریوں کو باخبر رضامندی، ڈیٹا مٹانے اور ڈیجیٹل نامزد افراد کو مقرر کرنے کی اہلیت جیسے اختیار فراہم کرتے ہیں۔ شہری اب خلاف ورزیوں یا ڈیٹا کے غیر مجاز استعمال کے سامنے خود کو بے بس محسوس نہیں کریں گے۔ ان کے پاس اپنی ڈیجیٹل شناخت کو مؤثر طریقے سے محفوظ رکھنے اور ان کا نظم کرنے والے ٹول ہوں گے۔قواعد کو سادگی اور وضاحت کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ہر ہندوستانی، خواہ اس کی تکنیکی مہارت کچھ بھی ہو، اپنے حقوق کو سمجھ سکے اور ان کا استعمال کر سکے۔ واضح الفاظ میں رضامندی طلب کرنے سے لے کر شہریوں کو انگریزی یا آئین میں درج 22 ہندوستانی زبانوں میں سے کسی ایک میں معلومات فراہم کرنے کو یقینی بنانے تک، یہ فریم ورک شمولیت کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
بچوں کا تحفظ
ڈیجیٹل دور میں بچوں کو خصوصی دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسے دھیان میں رکھتے ہوئے، قوانین نابالغوں کے ذاتی ڈیٹا پر کارروائی کرنے کے لیے قابل تصدیق والدین یا سرپرست کی رضامندی کو لازمی قرار دیتے ہیں۔اضافی تحفظات اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ بچوں کو استحصال، غیر مجاز پروفائلنگ، اور دیگر ڈیجیٹل نقصانات سے محفوظ رکھا جائے۔ یہ شرائط مستقبل کی نسل کے لیے ایک محفوظ ڈیجیٹل جگہ بنانے کی ہماری لگن کی عکاسی کرتی ہیں۔
ترقی اور ضابطے میں توازن
ہندوستان کی ڈیجیٹل معیشت ایک عالمی کامیابی کی کہانی ہے، اور ہم اس رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارا فریم ورک شہریوں کے لیے ذاتی ڈیٹا کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے جبکہ ڈیجیٹل اکنامی میں جدت طرازی کو فعال کرتا ہے۔ بعض بین الاقوامی ماڈلوں کے برعکس جو ضابطے کی طرف بہت زیادہ جھکاؤ رکھتے ہیں، ہمارا نقطہ نظر عملی اور ترقی پر مبنی ہے۔ یہ توازن اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ اس اختراعی جذبے کو دبائے بغیر شہریوں کی حفاظت کی جائے جو ہمارے اسٹارٹ اپ اور کاروباروں کو آگے بڑھاتے ہیں۔چھوٹے کاروباروں اور اسٹارٹ اپ کو کم تعمیل کے بوجھ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اسٹیک ہولڈروں کی مختلف صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قواعد کو درجہ بندی کی ذمہ داریوں کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ڈیٹا کی مضبوطی کے جائزے کی بنیاد پر بڑی کمپنیوں کی ذمے داریاں زیادہ ہوں گی جس سے ترقی میں خلل ڈالے بغیر جوابدہی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ڈیجیٹل فرسٹ کا فلسفہ
ان اصولوں کا مرکز ’’ڈیزائن کے ذریعے ڈیجیٹل‘‘ فلسفہ ہے۔ ڈیٹا پروٹیکشن بورڈ، جسے شکایات کو حل کرنے اور تعمیل کو نافذ کرنے کا کام سونپا گیا ہے، بنیادی طور پر ایک ڈیجیٹل دفتر کے طور پر کام کرے گا۔ ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کر، ہم کارکردگی، شفافیت اور رفتار کو یقینی بناتے ہیں۔ شہری غیر ضروری جسمانی تعامل کے بغیر شکایات درج ، پیش رفت کا پتہ لگا اور حل تلاش کر سکتے ہیں۔
یہ ڈیجیٹل فرسٹ نقطہ نظر رضامندی کے طریقہ کار اور ڈیٹا مینجمنٹ ورک فلو تک پھیلا ہوا ہے۔ پراسیس کو ہموار بناتے ہوئے، ہم اعتماد کرنے والوں کے لیے اس کی تعمیل کو نیز شہریوں کے لیے اس میں شامل ہونا آسان بناتے ہیں جس سے سسٹم میں اعتماد کو فروغ حاصل ہوتا ہے۔
جامع نقطہ نظر
ان اصولوں کا سفر ان کے ارادے کی طرح ہی جامع رہا ہے۔ ڈیجیٹل پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن ایکٹ، 2023 کے اصولوں پر مبنی، مسودہ قوانین مختلف اسٹیک ہولڈروں سے جمع کی گئی وسیع معلومات اور عالمی بہترین طرز عمل کے مطالعے کا نتیجہ ہیں۔
ہم نے 45 دن کی عوامی مشاورت کی مدت کا آغاز کیا ہے، جس میں شہریوں، کاروباری اداروں اور سول سوسائٹی سے رائے اور تجاویز طلب کی گئی ہیں۔ یہ حصے داری اجتماعی حکمت پر ہمارے یقین اور شراکتی پالیسی سازی کی اہمیت کا ثبوت ہے، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ یہ فریم ورک نہ صرف مضبوط ہو بلکہ ہمارے سماجی و اقتصادی منظر نامے کے منفرد چیلنجوں سے نمٹنے کے قابل بھی ہو۔اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ شہریوں کو ان کے حقوق اور ذمہ داریوں کے تئیں آگاہی حاصل ہو، شہریوں کو ان کے ذاتی ڈیٹا سے متعلق ان کے حقوق کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر آگاہی کے اقدامات کیے جائیں گے۔
مستقبل کے لیے وژن
ان قواعد کو پیش کرتے ہوئے ہم نہ صرف موجودہ چیلنجوں کو حل کر رہے ہیں بلکہ ایک محفوظ اور اختراعی ڈیجیٹل مستقبل کی بنیاد بھی رکھ رہے ہیں۔ ڈیجیٹل پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن قواعد، 2025 کا مسودہ عالمی ڈیٹا گورننس کے اصولوں کی تشکیل میں ہندوستان کی قیادت کی عکاسی کرتا ہے۔ شہریوں کو مرکز میں رکھ کر اور اختراع کیلئے سازگار ماحول کو فروغ دے کر ہم دنیا کیلئے ایک مثال قائم کر رہے ہیں۔ہماری وابستگی واضح ہے کہ اس ڈیجیٹل دور میں ہر ہندوستانی کو تحفظ فراہم کرنا، بااختیار بنانا اور اسے فعال کرنا۔ میں ہر شہری، کاروباری، اور سول سوسائٹی گروپ کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں کہ وہ مشاورتی مدت کے دوران تبصرے اور تجاویز کا اشتراک کرکے اس مکالمے میں حصہ لیں۔ آئیے ہم سب ایک ساتھ مل کر ایک ایسا فریم ورک بنانے کے لیے ان اصولوں کو بہتر بنائیں جو ایک محفوظ، جامع اور فروغ پزیر ڈیجیٹل انڈیا کی امنگوں کی صحیح معنوں میں نمائندگی کرتا ہو۔
(مصنف الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹکنالوجی، اطلاعات و نشریات اور ریلوے کے وزیر ہیں۔)