یروشلم (یو این آئی): جنوبی لبنان میں ایک ہنگامی امدادی مرکز پر اسرائیلی حملے میں کم از کم سات طبی عملے کے لوگ ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔ لبنان کے عسکری ذرائع نے یہ معلومات بدھ کے روز ژنہوا کو دی۔ ذرائع کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے الحبریہ گاؤں میں مسلم گروپ حزب اللہ سے منسلک اسلامک ہیلتھ اتھارٹی کے ہنگامی اور امدادی مرکز کو تباہ کر دیا، جس سے سات پیرامیڈکس ہلاک اور دیگر زخمی ہو گئے۔
اسلامی گروپ ایک اسلامی سیاسی تنظیم ہے جس کا ایک عسکری ونگ الفجر فورسز کے نام سے جانا جاتا ہے، جس نے حال ہی میں اسرائیلی افواج کے خلاف فوجی کارروائیاں کی ہیں۔ اسلامک ہیلتھ اتھارٹی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مرکز پر حملہ ایک گھناؤنا جرم اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ “ہم اس گھناؤنے جرم کا ارتکاب کرنے والے فریق کو مکمل طور پر ذمہ دار سمجھتے ہیں اور ہم لبنانی حکام سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ مجرموں کے خلاف بین الاقوامی عدالتوں میں مقدمہ چلانے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔”
حزب اللہ نے جوابی کارروائی کا عزم کرتے ہوئے کہا”یہ جارحیت جواب اور سزا کے بغیر ختم نہیں ہوگی،” ۔
08 اکتوبر 2023 لبنان-اسرائیل سرحد پر اس وقت سے کشیدگی بڑھ گئی جب لبنانی مسلح گروپ حزب اللہ نے گزشتہ روز اسرائیل پر حماس کے حملے کی حمایت میں اسرائیل پر درجنوں راکٹ فائر کیے جس کے جواب میں اسرائیل نے جنوب مشرقی لبنان کی جانب شدید گولہ باری کی تھی۔
مزید پڑھیں: لیبیا میں ایک اجتماعی قبر سے 65 تارکین وطن کی لاشیں برآمد: اقوام متحدہ
لبنانی سیکورٹی ذرائع کے مطابق حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان تصادموں کے نتیجے میں لبنانی فریق کے 378 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں حزب اللہ کے 244 ارکان اور 73 عام شہری شامل ہیں۔