ممبئی: بی ایس ای کا سنسیکس گذشتہ روز کی گراوٹ سے ابھرتے ہوئے آج 268.95 پوائنٹس یعنی 0.71 فیصد کے اضافے کے ساتھ 38,140.47 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
سنسیکس 05 مارچ کے بعد پہلی بار 38 ہزار پوائنٹس سے اوپر بند ہوا ہے۔ نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی 82.85 پوائنٹ کی تیزی کے ساتھ 11,215.45 پوائنٹ پر رہا۔
ایشیائی بازاروں سے موصول منفی اشاروں کے درمیان بازار کی شروعات گراوٹ میں ہوئی لیکن کچھ دیر بعد ہی یہ ہرے نشان میں لوٹ آیا۔ بین الاقوامی سطح پر کچے تیل کی قیمت بڑھنے سے انرجی کے شعبے میں سب سے زیادہ تیزی دیکھی گئی۔ اسی کے ساتھ یورپی بازاروں کی تیزی سے بھی گھریلو بازاروں کو مدد ملی۔ ریلائنس انڈسٹریز، آئی سی آئی سی آئی بینک اور کوٹک مہیندرا بینک، آئی ٹی سی، اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور ایچ ڈی ایف سی بینک کے بازار کا اضافے میں اہم کردار رہا۔
سنسیکس میں اسٹیٹ بینک کا شیئر 2.25 فیصد، آئی سی آئی سی آئی بینک اور ریلائنس انڈسٹریز کے تقریباً تین فیصد اور ٹیک مہیندرا، کوٹک مہیندرا بینک اور آئی ٹی سی کے شیئر دو فیصد سے زیادہ کم ہو گئے۔ ایکسس بینک میں تقریباً چار فیصد کا نقصان ہوا۔ آئی ٹی، ٹیک اور ٹیلی کام گروپس میں گراوٹ درج کی گئی۔
درمیانے اور چھوٹے درجے کی کمپنیوں میں بھی سرمایہ کاروں نے پیسہ لگایا۔ بی ایس ای کا مڈکیپ 0.98 فیصد کے اضافے کے ساتھ 13,783.29 پوائنٹس پر اور اسمال کیپ 0.61 فیصد چڑھ کر 12,996.12 پوائنٹس پر بند ہوا۔
ایشیا میں جاپان کا نکئی 0.58 فیصد، جنوبی کوریا کا کوسپی 0.56 فیصد اور چین کا شنگھائی کمپوزٹ 0.24 فیصد کے نقصان میں بند ہوا جبکہ ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ میں 0.82 فیصد کی تیزی رہی۔ یورپی بازاروں میں بھی تیزی رہی۔ شروعاتی کاروبار میں برطانیہ کا ایف ٹی ایس ای 0.62 فیصد اور جرمنی کا ڈیکس 0.54 فیصد مضبوط ہوا۔