ریاض (ایجنسیاں)
سعودی عرب نے اتوار 4 اکتوبر 17 صفر 1442ھ سے عمرہ اور زیارت کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔ عمرہ مرحلہ وار بحال کیا جائے گا۔ اندرون مملکت سے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو عمرہ اور زیارت کی اجازت ہوگی۔مملکت کی سرکاری خبر رساں ادارے ایجنسی ایس پی اے نے وزارت داخلہ کے حکام کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے عمرہ و زیارت کی ادائی کی اجازت کی آرزو اور نئے کورونا وائرس کی تازہ صورتحال کے پیش نظر سعودی قیادت نے عمرہ اور زیارت کی مرحلہ وار تدریجی اجازت دی ہے۔
ضروری حفاظتی پابندی کے ساتھ عمرہ اور زیارت کی جا سکے گی اور یہ اجازت مرحلہ وار ہوگی۔ عمرے کی ادائیگی اور مسجد نبوی کی زیارت چار مرحلوں میں تدریجی طور پر دی جائے گی۔
مرحلہ وار عمرہ ادائی
پہلا مرحلہ اتوار 4 اکتوبر 17 صفر 1442ھ سے شروع ہوگا۔ اس مرحلے میں اندرون ملک سے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو عمرے کی اجازت ہوگی۔ روزانہ چھ ہزارعمرہ زائرین کو مسجد الحرام جانے کا موقع دیا جائے گا۔ اس موقع پر حفظان صحت کی تدابیر کی پابندی کرائی جائے گی۔
دوسرے مرحلے کا آغاز18اکتوبر 2020 یکم ربیع الاول 1442ھ سے ہو گا۔ اس کے تحت سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو عمرہ، زیارت اور نمازوں کی اجازت ہوگی۔ روزانہ 15 ہزار عمرہ زائر اور چالیس ہزار افراد مسجد الحرام میں نماز ادا کرسکیں گے۔ اس موقع پر حفاظتی تدابیر کا اہتمام ہوگا۔ مسجد نبوی کی گنجائش کے 75 فیصد تک نمازیوں کو جانے کی اجازت ہوگی۔
تیسرے مرحلے کا آغاز یکم نومبر 2020 پندرہ ربیع الاول سے ہو گا۔ اس دوران سعودی شہریوں اور مملکت کے اندر اور باہر سے غیر ملکیوں کو عمرہ، زیارت اور نمازوں کی اجازت دی جائے گی۔ یہ سلسلہ کرونا وبا کے خاتمے یا اس کا خطرہ ختم ہو جانے کے رسمی اعلان تک چلے گا۔اس کے تحت روزانہ 20 ہزار زائر عمرہ کر سکیں گے اور 60 ہزار کو مسجد الحرام میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ نماز ادا کرنے کا موقع مہیا ہوگا۔ اسی تناسب سے مسجد نبوی میں حفاظتی تدابیر کے ساتھ نماز ادا کی جا سکے گی۔
احتیاطی تدابیر
بیرون مملکت سے عمرہ اور زیارت کی اجازت تدریجی طور پر دی جائے گی۔ ایسے ملکوں کے باشندوں کو عمرہ اور زیارت کے ویزے جاری کیے جائیں گے جن سے متعلق وزارت صحت یہ فیصلہ دے گی کہ وہاں کرونا کی وبا کے حوالے سے صحت کے لیے خطرات ختم ہو گئے ہیں۔چوتھے مرحلیکے تحت سعودی شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور بیرون مملکت کے لوگوں کو عمرہ، زیارت اور نمازوں کی سو فیصد اجازت ہو گی۔ یہ اجازت اس وقت دی جائے گی جب متعلقہ حکام وبا کے خطرات ختم ہوجانے کا فیصلہ کرلیں گے۔
’ اعتمرنا‘ ایپلی کیشن
وزارت حج وعمرہ اعتمرنا ایپ کے ذریعے عمرہ، زیارت اور نماز کے عمل کو منظم کرے گی۔ اس حوالے سے وزارت صحت اور متعلقہ حکام کے مقرر کردہ صحت ضوابط اور پیمانے نافذ کیے جائیں گے۔وزارت داخلہ نے عمرہ، نماز اور زیارت کرنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں۔ صحت ضوابط کے تحت ماسک، سماجی فاصلے اور اشیا کو نہ چھونے کا اہتمام کریں۔وزارت داخلہ حکام ر نے مزید کہا کہ سعودی عرب اندرون و بیرون مملکت سے زائرین کو عمرہ زیارت اور نماز کی محفوظ ادائی کی خواہاں اور کوشاں ہے۔ سعودی حکومت چاہتی ہے کہ تمام عبادتیں صحت خطرات سے پاک ماحول میں انجام دی جائیں۔ وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ اس اعلامیے میں جن چار مراحل کا اعلان کیا گیا ہے ان کا مستقل بنیادوں پر جائزہ لیا جاتا رہے گا۔ وبا کی تازہ صورتحال کے حوالے سے فیصلوں میں رد وبدل ہو سکتا ہے۔