میرٹھ کی ثانیہ خان – کامیابی کی ایک درخشاں داستان

0

ضلع میرٹھ کے ایک چھوٹے سے قصبے شاہجہان پور میں پیدا ہونے والی ثانیہ مہر خان نے حال ہی میں اپنی جدوجہد اور محنت کی بدولت بین الاقوامی پہچان حاصل کی ہے۔ ثانیہ نے 22 نومبر کو برطانیہ کا ایک معزز ایوارڈ، ‘‘شی انسپائرز ایوارڈ 2024’’ ( 2024 Award Inspires She)، رائزنگ اسٹار کیٹگری میں جیتا ہے۔ یہ ایوارڈ انہیں فوسٹرنگ (یعنی بے سہارا بچوں کی پرورش اور بہبود) کے شعبے میں ان کی غیر معمولی خدمات اور قیادت کے لیے دیا گیا ہے۔ ثانیہ اب برطانوی شہری ہیں اور لندن میں مقیم ہیں۔ وہ ‘‘سلور لائننگ فوسٹرنگ ایجنسی’’ لندن کی بانی اور ڈائریکٹر ہیں۔ یہ ایوارڈ جیت کر انہوں نے نہ صرف اپنی بین الاقوامی پہچان بنائی بلکہ اپنے والدین اور اپنے شہر میرٹھ کا نام بھی روشن کیا ہے۔

واضح رہے کہ ’’شی انسپائرز ایوارڈ ‘‘ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی خواتین کو اعزازسے نوازتاہے۔ یہ ایوارڈنہ صرف ان کی ذاتی خدمات کو تسلیم کرتا ہے بلکہ ان کے ذریعے معاشرے میں لائے گئے مثبت تبدیلیوں کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

ثانیہ کو یہ ایوارڈ بچوں اور ان کے فوسٹر والدین کی زندگی کو بہتر بنانے کیلئے ان کی کوششوں،قیادت اور فوسٹرنگ کے میدان میں ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

پس منظر اور حوصلہ افزا سفر

ثانیہ شاہجہان پور کے رہائشی مہر عالم خان اور محترمہ رعنا مہر خان کی بیٹی ہیں۔ان کی کامیابی کی کہانی نوجوان طلبااورکیریئر شروع کرنے والے نوجوانوں کے لیے ایک تحریک کا باعث ہے۔ یہ کہانی میرٹھ کے ایک بیٹی کی ہے، جس نے اپنے عزم، سخت محنت اور مضبوط ارادوں کی بنیاد پر کامیابی اور عزت کی نئی بلندیوں کو چھو لیا۔

شی انسپائرز ایوارڈ پربات کرتے ہوئے، ثانیہ نے کہا:

یہ ایوارڈمیرے خوابوں اورجدوجہد کی علامت ہے جویہ ثابت کرتا ہے کہ ہر بچے کا محفوظ، مستحکم اورپرورش کے علاوہ سازگار گھر حق ہے۔ میں سب سے درخواست کرتی ہوں کہ فوسٹرنگ کے بارے میں معلومات حاصل کریں اور بچوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے میں ہماری مدد کریں۔

سلور لائننگ فوسٹرنگ کی بنیاد

غور طلب ہے کہ سال 2018 میں، جب ثانیہ شدید صحت کے مسائل کا شکار تھیں اور عارضی طور پر فالج سے لڑ رہی تھیں، انہوں نے’’سلور لائننگ فوسٹرنگ ‘‘ کی بنیاد رکھی۔ اس دوران نہ صرف انہوں نے دوبارہ چلنا سیکھا بلکہ برطانیہ میں بچوں کے لیے محفوظ اور پرورش کے سازگار گھر فراہم کرنے والی ایک ایجنسی قائم کی۔

ان کی قیادت نے اس ایجنسی کو برطانیہ میں تعلیم اور بچوں کی بہبود کے معیارات کے ادارے آفسٹیڈ سے آؤٹ اسٹینڈنگ ریٹنگ دلائی۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ایجنسی بچوں اور فوسٹر والدین کو اعلیٰ معیار کی دیکھ بھال اور تعاون فراہم کرتی ہے۔

شاہجہان پور سے میرٹھ اور پھر لندن تک کا سفر

ثانیہ کا بچپن شاہجہان پور میں گزرا، جو اس وقت ایک گاؤں تھا اور بنیادی سہولیات سے محروم تھا۔ اپنی ابتدائی تعلیم کے بارے میں بات کرتے ہوئے ثانیہ کہتی ہیں کہ تعلیم حاصل کرنا میری سب سے بڑی ترجیح تھی۔ اگرچہ اسکول تک پہنچنے کے لیے سفری انتظامات ہمیشہ قابل اعتماد نہیں تھے، لیکن میں نے کبھی ہار نہیں مانی کیونکہ مجھے یقین تھا کہ تعلیم ہی میرا مستقبل سنوار سکتی ہے اور میں تعلیم کے ذریعہ ہی آگے بڑھ کر لوگوں کی خدمت کر سکتی ہوں۔

میرٹھ کی تعلیم: دیوان پبلک اسکول کا کردار

ثانیہ نے میرٹھ پبلک اسکول (گرلز ونگ) سے 1999 میں ہائی اسکول مکمل کیا اور پھر دیوان پبلک اسکول میں داخلہ لیا، جہاں ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھنے کا موقع ملا۔

لندن میں کامیابیاں اور بین الاقوامی کیرئیر

سال2006 میں جب ثانیہ جامعہ ملیہ اسلامیہ، دہلی میں سوشل ورک میں ماسٹرز کر رہی تھیں، انہیں لندن میں ایک فوسٹرنگ ایجنسی میں سوشل ورکر کی نوکری کی پیشکش ہوئی، جس نے ان کے کیریئر کا رخ بدل دیا۔ لندن میں، انہوں نے کئی اہم اعزازات حاصل کیے اور فوسٹرنگ کے شعبے میں غیر معمولی خدمات انجام دیں۔
لندن میں کام کرتے ہوئے ثانیہ نے ‘‘رائل بورو آف کینسنگٹن اینڈ چیلسیا’’ (RBKC) میں ایک اسٹاف ایوارڈ جیتا، جو انہیں ‘‘ایمبیشیس’’ (Ambitious) کیٹگری میں دیا گیا۔ اْس وقت، ثانیہ RBKC کی چند غیر سفید فاممنیجرز میں شامل تھیں اور سب سے کم عمرمنیجرز میں سے ایک تھیں۔

تعلیمی قابلیت اور سرٹیفکیٹس:

ثانیہ نے سیکھنا کبھی نہیں چھوڑااورہمیشہ اپنی تعلیمی مہارتوں کو وسعت دیتی رہیں۔ انہوں نے کئی اہم سرٹیفکیٹس اور کورسز مکمل کیے، جن میں شامل ہیں:
• لیڈرز فار لندن پروگرام (Program for London Leaders ) – لندن کاؤنسلز
• لیڈرشپ اینڈ مینجمنٹ میں لیول 5 ایوارڈ ( Level 5 Award in Management Leadership and ) – انسٹی ٹیوٹ آف لیڈرشپ اینڈ مینجمنٹ، لندن
• سسٹیمک سپروزن میں ڈپلومہ (Diploma in Systemic Supervision) – انسٹی ٹیوٹ آف فیملی تھیراپی، لندن
• کوالیفائیڈ ورک پلیس کوچ (Qualified Workplace Coach) – ایڈوانس کوچنگ سلوشنز، لندن
• PQ Consolidation – رائل ہولوے یونیورسٹی، لندن
• این ایبلنگ ادرز (Enabling Others) – لندن ساؤتھ بینک یونیورسٹی، لندن

میرٹھ کے لیے فخر کا لمحہ:

ثانیہ خان کا یہ سفر، جو شاہجہانپور کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے بین الاقوامی کامیابی تک پہنچا، ان تمام نوجوانوں کے لیے ایک تحریک ہے جو اپنے کیریئر کے سنہری خواب دیکھتے ہیں۔ میرٹھ فیسٹیول میں ان کی یہ کہانی نہ صرف میرٹھ شہر کے لیے فخر کا سبب ہے بلکہ ان تمام لڑکیوں اور لڑکوں کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہے جو اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
ثانیہ خان کی کہانی ان تمام نوجوانوں کے لیے تحریک ہے جو اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنا چاہتے ہیں۔ وہ کہتی ہیںکہ ہر بچے کو وہ تحفظ اور سہارا ملنا چاہیے جس کی انہیں ضرورت ہے۔ آئیے، ان کے لیے مثبت تبدیلی لانے میں ساتھ دیں اور ان کے لئے کچھ کام کریں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS