نئی دہلی، (یو این آئی) ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر نے بدھ کو الیکشن کمیشن کے ‘نیشنل آئیکون’ کے طور پر ووٹروں کو واقف اور بیدار کرنے کے لیے ایک نئی اننگز کا آغاز کیا۔
الیکشن کمیشن نے لیجنڈری کرکٹر اور بھارت رتن تندولکر کے ساتھ تین سالہ ایک معاہدہ ( ایم او یو )پر دستخط کئے۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار، الیکشن کمشنر انوپ چندرا اور ارون گوئل موجود تھے۔
یہاں منعقدہ ایک پروگرام میں تندولکر نے کہا کہ ہندوستان جیسی متحرک جمہوریت میں نوجوانوں کی آبادی قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیمز میں ہندوستانی ٹیم کے لیے جو دل ‘انڈیا انڈیا’ کے نعرے سے دھڑکتے ہیں، وہ بھی ہماری قیمتی جمہوریت کو آگے لے جانے کے لیے اسی طرح دھڑکیں گے۔
سچن نے کہا کہ اسٹیڈیموں کے ہجوم سے لے کر پولنگ بوتھ پر بھیڑ جمع کرنے تک قومی ٹیم کے ساتھ کھڑے ہونے سے لے کر اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے وقت نکالنے تک ہم جوش اور جذبے کو برقرار رکھیں گے۔ جب ملک کے کونے کونے سے نوجوان انتخابی جمہوریت میں بڑی تعداد میں حصہ لیں گے تو ہم اپنے ملک کا ایک خوشحال مستقبل دیکھیں گے۔
یہ تعاون نوجوانوں کی آبادی کے ساتھ تندولکر کے منفرد اثر و رسوخ سے فائدہ اٹھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے تاکہ ووٹر کی شرکت میں اضافہ ہو، خاص طور پر سال 2024 میں ہونے والے آئندہ عام انتخابات کے دوران لوگوں کو بیدار کرنے کے لئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ اس اشتراک کے ذریعے الیکشن کمیشن کا مقصد شہریوں، خاص طور پر نوجوانوں اور شہری آبادی کو انتخابی عمل کے قریب لانا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا کہ تندولکر نہ صرف ہندوستان بلکہ عالمی سطح پر ہندوستان کی ایک مشہور شناخت ہیں۔ ا ن کے پاس ایک وراثت ہے جو ان کی کرکٹ کی صلاحیت سے کہیں زیادہ پھیلی ہوئی ہے۔ مسٹر کمار نے کہا کہ ان کا شاندار کیریئر بہترین کارکردگی، ٹیم ورک اور کامیابی کے انتھک جستجو کے تئیں ان کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا اثر و رسوخ کھیلوں سے بہت آگے ہے، وہ ووٹر ٹرن آؤٹ بڑھانے کے لیے الیکشن کمیشن کے لیے ایک مثالی انتخاب ہیں ۔
اس اشتراک کے تحت تندولکر مختلف ٹی وی پروگراموں اور ڈیجیٹل مہمات وغیرہ میں ووٹر بیداری کو فروغ دیں گے۔ اس کے ذریعے وہ ووٹ کی اہمیت اور ملک کے مستقبل کی تشکیل میں اس کے کردار کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔
پروگرام کے دوران نیشنل اسکول آف ڈرامہ کے طلباء نے جمہوریت کی مضبوطی میں ووٹ کی اہمیت پر ایک متاثر کن خاکہ بھی پیش کیا۔
قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ممتاز ہندوستانیوں کے ساتھ شراکت داری کر رہا ہے تاکہ ووٹروں کو جمہوریت کے تہوار میں حصہ لینے کی ترغیب دی جا سکے۔ پچھلے سال کمیشن نے مشہور اداکار پنکج ترپاٹھی کو نیشنل آئیکون کے طور پر تسلیم کیا تھا۔ اس سے قبل مہندر سنگھ دھونی، عامر خان اور میری کوم جیسے تجربہ کار مایہ ناز کھلاڑی سال 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن کے نیشنل آئیکون رہے ہیں۔
سچن تندولکر اب الیکشن کمیشن کے لیے بیٹنگ کریں گے
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS