جے پور:راجستھان میں کانگریس پارٹی کے اندر جاری رسہ کشی کے سبب نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ، وزیر خوراک و رسد رمیش مینا اور وزیرسیاحت وشویندر سنگھ کو ریاستی کابینہ اور پارٹی سے برخاست کر دیا گیا ہے۔
کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سورجے والا نے آج اس سلسلے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مسٹر سچن پائلٹ کو ریاستی کانگریس صدر کے عہدے سے بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ وزیر تعلیم گووند ڈوٹاسرا پارٹی کے ریاستی صدر بنائے گئے ہيں۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ کل اور آج ہونے والے قانون ساز پارٹی کے اجلاسوں سے مسٹر سچن پائلٹ کے غیر حاضر رہنے کے بعد یہ کارروائی کی گئي ہے۔ پائلٹ کو قانون ساز پارٹی کے اجلاس میں آنے کے لئے ایک تحریری پیغام بھیجا گیا تھا، نیز ان کی ناراضگی دور کرنے کی کوشش بھی کی گئی لیکن وہ راضی نہیں ہوئے۔
سچن پائلٹ نے اپنے خیمے میں 30 ایم ایل اے ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے گہلوت حکومت کے پاس اکثریت نہ ہونے کا دعوی کیا تھا۔ اس کے بعد گہلوت نے ایک ہوٹل میں قانون ساز پارٹی کے اجلاس سے قبل میڈیا کے سامنے 106 ایم ایل اے کی حمایت حاصل ہونے کا دعوی کیا۔
یاست میں ہونے والے راجیہ سبھا کے حالیہ انتخابات کے دوران ہی ریاستی کانگریس پارٹی کے اندر بے اطمینانی کی آوازیں سنی جانے لگی تھیں، لیکن اس وقت یہ معاملہ دبا دیا گیا تھا۔ اس کے بعد نائب وزیراعلی سچن پائلٹ کا وزیراعلی اشوک گہلوت سے تنازعہ بڑھتا ہی چلا گیا اور پائلٹ نے اپنے حامی اراکین اسمبلی کو متحد کرنا شروع کردیا۔ اس وقت سے ریاستی کانگریس پارٹی میں خیمہ بندی کا سلسلہ جاری ہے۔
مسٹر اشوک گہلوت اس کی معلومات حاصل ہونے کے بعد انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر پیسے کی طاقت کے ذریعہ منتخب حکومت کا تختہ پلٹنے کا الزام عائد کیا۔ اشوک گہلوت نے کہا تھا کہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو کروڑوں روپے کی لالچ دی جارہی ہے۔ اس کے بعد کل قانون ساز پارٹی کے اجلاس کی ایک متفقہ قرار داد میں اشوک گہلوت پراعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کانگریس حکومت کے پاس اکثریت ہونے کا دعوی کیا گیا۔
ادھر کانگریس کے سینئر لیڈروں راہل گاندھی،پرینکا گاندھی اوردیگر کانگریسیوں نے پائلٹ کی ناراضگی دور کرنے کی کوشش کی،لیکن وہ راضی نہیں ہوئے۔ انہیں آج کی میٹنگ میں بھی بلایا گیا تھا، لیکن وہ نہیں آئے اور انہوں نے گہلوت حکومت کو اقلیتی حکومت قرار دے دیا۔ سچن پائلٹ کے ساتھ، وزیر خوراک رمیش مینا اور وزیر سیاحت وشویندر سنگھ بھی اشوک گہلوت سے ناراض تھے۔
سچن پائلٹ اوردو وزيرریاستی کابینہ اورکانگریس پارٹی سے برخاست
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS