روس-یوکرین جنگ: ہلاکتیں بہت ہو چکیں!

0

یہ اندیشہ ہی انسان دوست لوگوں کو پریشان کر دیتا ہے کہ کہیں جنگ ہونے والی ہے اور جنگ اگر واقعی شروع ہو جائے تو پھر اس کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتیں ان لوگوں کو بھی پریشان کرنے لگتی ہیں جو جنگ کی تباہ کاریوں سے واقف نہیں ہوتے۔ یوکرین جنگ بھی کسی دوسری جنگ کی طرح اب تک تباہ کن ہی ثابت ہوئی ہے اور جنگ سے تباہی کے علاوہ کسی اور چیز کی امید بھی نہیں کی جا سکتی۔ اس پر کوئی حتمی بات کہنی مشکل ہے کہ یوکرین جنگ میں اب تک کتنی ہلاکتیں ہو چکی ہیں، البتہ ہلاکتوں کے حوالے سے اب تک جو رپورٹیں آئی ہیں، ان پر بات کی جا سکتی ہے۔ اقوام متحدہ کے حوالے سے آنے والی رپورٹ کے مطابق، یوکرین جنگ میں 24 فروری سے 21 اگست، 2022 تک یوکرین کے 5,587 شہری ہلاک ہو چکے تھے جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 7,890 تھی مگر یوکرینی حکومت کے حوالے سے آنے والی رپورٹوں میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ 24 فروری سے 7 اگست، 2022 تک 12,000 سے 28,521 تک شہریوں کی جانوں کا اتلاف ہوا ہے۔ یوکرینی حکومت کا کہنا ہے کہ 24 فروری سے 3 جون، 2022 تک اس کے 10,000 فوجیوں کو جانیں گنوانی پڑی ہیں جبکہ 30,000 فوجی زخمی ہوئے ہیں مگر روسی حکومت کا کہنا ہے کہ 24 فروری سے 16 اپریل، 2022تک ہی 23,000 سے زیادہ یوکرینی فوجی ہلاک ہو چکے تھے جبکہ دونیتسک عوامی جمہوریہ نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے یوکرینی فوجیوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے۔ اس کے مطابق، 24 فروری سے 8 اگست، 2022تک ہی 193,000 سے زیادہ یوکرینی فوجی ہلاک اور زخمی ہو چکے تھے۔
جہاں تک روسی فوجیوں کی ہلاکت کی بات ہے تو بی بی سی نیوز رشین اور روس کے آزاد میڈیا ادارے، میڈیازونا نے 24 فروری سے 18 اگست، 2022تک 5,701 روسی فوجیوں کی ہلاکت کی رپورٹ دی ہے تو روسی ویب سائٹ امپورٹینٹ اسٹوریز کی رپورٹ کہتی ہے کہ 24 فروری سے 18 اگست، 2022 تک 5,256 روسی فوجیوں کو جانیں گنوانی پڑی ہیں لیکن امریکہ، برطانیہ اور استونیا نے 24 فروری سے 20 جولائی، 2022 تک ہی 15,000 روسی فوجیوں کے زخمی ہونے کا اندازہ لگایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس عرصے میں 45,000 روسی فوجی زخمی ہوئے۔ امریکہ کا یہ اندازہ ہے کہ 24 فروری سے 8 اگست، 2022 تک 70,000 سے 80,000 تک روسی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔ روسی فوجیوں کی ہلاکتوں کے سلسلے میں یوکرینی حکومت نے بھی اندازہ لگایا ہے۔ اس کے اندازے کے مطابق، 24 فروری سے 24 اگست، 2022 تک ہلاک ہونے والے روسی فوجیوں کی تعداد 45,700 جبکہ زخمی ہونے والے روسی فوجیوں کی تعداد 98,000 سے 117,000 تک تھی۔یوکرین جنگ میں دونیتسک عوامی جمہوریہ کے مطابق، اس کے 2,767 فوجیوں کی جانوں کا اتلاف ہوا ہے جبکہ اس کے زخمی ہونے والے فوجیوں کی تعداد 11,595 ہے۔ ادھر روسی حکومت کی رپورٹ کہتی ہے کہ 24فروری سے 5اپریل، 2022 تک عوامی جمہوریہ لوہنسک کے 500 سے 600فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ عام شہریوں اور فوجیوں کی ہلاکتوں پر دعوؤں کی حقیقت پر کچھ کہنا مشکل ہے۔ یوں بھی کسی جنگ میں شہریوں اور فوجیوں کی ہلاکتوں کی حتمی رپورٹ نہیں بن پاتی۔ اگر کوئی رپورٹ حتمی کہلاتی بھی ہے تووہ بھی تنازعات کے گھیرے میں رہتی ہے۔ ویسے اب تک کی یوکرین میں میں ہوئی ہلاکتوں کے اندازوں کو دیکھتے ہوئے یہی لگتا ہے کہ ہزاروں یوکرینی شہری اور فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ بڑی تعدادمیں روسی فوجیوں کو بھی جانیں گنوانی پڑی ہیں یعنی یہ جنگ بھی تباہ کن ثابت ہوئی ہے۔n

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS