لندن (ایجنسیاں) : برطانوی مسلح افواج کے سربراہ ٹونی ریڈیکن نے جمعہ کے روز شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں کہا کہ روس بھاری جانی نقصان اور مغربی دفاعی اتحاد کی مضبوطی میں اضافے کی شکل میں، یوکرین کے خلاف جنگ اسٹریٹیجک سطح پر ہار چکا ہے۔برطانوی فوجی سربراہ نے برٹش پریس ایسوسی ایشن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا، ’روس کی یہ صریح غلطی تھی۔ روس کبھی یوکرین پر قبضہ نہیں کر سکتا۔ اس سے روس کی قوت مزید کم ہو گئی ہے۔‘ریڈیکن نے مزید کہا، ’اسٹریٹیجک حوالے سے دیکھیں، تو روس یہ جنگ ہار چکا ہے۔ اس جنگ کی وجہ سے ناٹو اتحاد مزید مضبوط ہوا ہے اور اب فن لینڈ اور سویڈن بھی ناٹو میں شمولیت کے خواہاں ہیں۔‘ٹونی ریڈیکن کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتن آئندہ چند ہفتوں میں کچھ ’یکٹیکل کامیابیاں‘ حاصل کر سکتے ہیں، تاہم ملک کی ایک چوتھائی فوجی طاقت استعمال کرنے کے بعد یہ کامیابیاں ’انتہائی چھوٹی‘ ہیں، کیوں کہ وہ ہائی ٹیک میزائل اور فوجی دستوں کی کمی کا شکار ہیں۔ان کا کہنا تھا، ’روس کی کمزوریاں سامنے ہیں، کیوں کہ روس افراد کی کمی کا شکار ہے، ہائی ٹیک میزائلوں کی کمی کا شکار ہے۔ صدر پوتن اپنے ملک کی 25 فیصد فوجی قوت استعمال کر کے فقط ایک چھوٹے سے علاقے پر ہی قبضہ کر پائے ہیں، جب کہ ان کے 50 ہزار فوجی ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔ یہ واضح طور پر روس کی ناکامی ہے۔‘ریڈیکن نے یوکرینی عوام کے جذبے اور بہادری کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ برطانیہ ’طویل المدتی بنیادوں پر‘ مزید ہتھیاروں کی فراہمی کے ذریعے کف حکومت کی مدد کرتا رہے گا، ’ہم انہیں ٹینک شکن ہتھیار دے رہے ہیں۔ کچھ دیگر سامان بھی ہے، جو ہم انہیں مہیا کر رہے ہیں، جس کی ترسیل آئندہ بھی جاری رہے گی۔‘
دوسری جانب ماسکو حکومت نے مغربی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی سے باز رہیں۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں، جرمن چانسلر اولاف شولس، اطالوی وزیراعظم ماریو دراگی اور رومانیہ کے صدر کلاؤس یوہانس نے جمعرات 16 جون کے روز یوکرین کا دورہ کیا تھا اور کیف کے لیے مزید امداد کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ماسکو حکومت کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے یوروپی رہنماؤں کے دورہ یوکرین کے تناظر میں کہا، ’ہم امید کرتے ہیں کہ یوکرین کو ہتھیاروں کے ذریعے مزید معاونت فراہم کرنے پر توجہ نہیں دی جائے گی۔ کیوں کہ یہ بالکل فضول اقدام ہو گا اور اس سے اس ملک کو مزید نقصان ہو گا۔‘
روس ’ہار‘چکا ہے یوکرین کے خلاف جنگ: برٹش آرمڈ فورسز چیف
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS