ممبئی، (ایجنسیاں) : پٹ بندھرے نگر بم دھماکے میں نئے حلف نامے میں انکشاف پر کانگریس کے چیف ترجمان پون کھیڑا نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے اس معاملے کو لے کر ٹوئٹ کیا اور لکھا کہ اس سے بڑی بریکنگ نیوز کیا ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ ممبئی کے یشونت شندے نے دعویٰ کیا ہے کہ 2006 کے پٹ بندھرے نگر بم دھماکے آر ایس ایس نے کروائے تھے۔ یشونت نے ناندیڑ کی عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کیس میں گواہ بننے کےلئے تیار ہے، کیونکہ اس کے پاس دھماکے سے متعلق تمام جانکاریاں ہیں۔ ساتھ ہی کانگریس کے چیف ترجمان پون کھیڑا اور سینئر کانگریس لیڈر دگ وجے سنگھ نے اس معاملے کو لے کر بی جے پی اور آر ایس ایس کو نشانہ بنایا ہے۔ یشونت نے خود کو آر ایس ایس سے وابستہ بتایا ہے۔ یشونت نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ 1995 سے وشو ہندو پریشد، بجرنگ دل اور راشٹریہ سویم سیوک کے رکن ہیں۔ اس نے دعویٰ کیا کہ اس نے ہمانشو پنسے اور 20 دیگر افراد کے ساتھ تربیت میں شرکت کی تھی جو ناندیڑ بم دھماکوں میں مارے گئے تھے۔ یشونت نے کہا ہے کہ وہ ہمانشو سے ملنے کئی بار ناندیڑ گیاتھا اور اسے ایسا نہ کرنے کو کہا تھا۔ ہندوستان ٹائمز کی خبر کے مطابق، 7 صفحات کے حلف نامے میں، یشونت نے آر ایس ایس اور وی ایچ پی کے کئی کارکنوں کا نام لیا ہے اور بم دھماکوں کی منصوبہ بندی اور اس کو انجام دینے میں مختلف سطحوں پر ان کے ملوث ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس کا دعویٰ ہے کہ اسے جولائی 2003 میں جنوبی ممبئی کے کھیت واڑی علاقے میں گول دیول میں میٹنگ کے بارے میں ایک پیغام ملا تھا۔ حلف نامے میں یشونت نے الزام لگایاکہ یقینی طور پروہ گیا تھا۔ صرف2لوگ تھے۔ وہ آر ایس ایس کے رکن اور ملند پراندے کے قریبی ساتھی تھے، جو وی ایچ پی مہاراشٹر صوبے کے رہنما تھے۔ ان دونوں افراد نے بتایا کہ جلد ہی بم بنانے کا تربیتی کیمپ ہونے والا ہے اور اس کے بعد پورے ملک میں بم دھماکے کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ انہیں (یشونت) کو ملک کے مختلف حصوں میں زیادہ سے زیادہ بم دھماکے کرنے کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔ وہ حیرت زدہ ہو گیا لیکن اسے اپنے چہرے پر ظاہر نہیں کیا اور اس سے ہلکے انداز میں پوچھا کہ کیا یہ 2004 کی تیاری ہے، لیکن انہوںنے کوئی جواب نہیں دیا۔ وہیں کانگریس کے چیف ترجمان پون کھیڑا نے اس معاملے کو لے کر ٹوئٹ کیا اور لکھا کہ اس سے بڑی بریکنگ نیوز کیا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے لکھاکہ آر ایس ایس کے پرچارک یشونت نے ایک حلف نامہ داخل کیا ہے جس میں سنگھ کی ملک دشمن کارروائیوں کے بارے میں خوفناک جانکاری اجاگر کی ہے۔ پورے ملک کو دھماکے سے اڑانے کی سازش کیسے رچی گئی، اس میں کون کون شامل تھے؟ اس سے بڑی بریکنگ نیوز کیا ہو سکتی ہے۔ جیسے ہی پون نے ٹوئٹ کیا۔ کانگریس لیڈروں اور کارکنوں نے اس پوسٹ کو شیئر کرنا شروع کر دیا۔ وہیں کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔ دگوجے نے ٹوئٹ میں لکھا کہ یشونت نے بے حد بہادری کے ساتھ حلف نامہ داخل کیا ہے،جن لوگوں کے نام یشونت نے لکھاہے، وہ مجرمانہ پس منظر کے لوگ ہیں۔ اس بیان کے بعد یشونت کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔ کمشنر آف پولیس ممبئی کو فوری طور پر یشونت کی حفاظت کےلئے وسیع انتظامات کرنے چاہئیں۔
خود کو آر ایس ایس کا پرچارک بتانے والے یشونت شندے کے دعویٰ سے سنسنی ، کانگریس کا سخت ردعمل
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS