کشمیر: برہان وانی کی چوتھی برسی پر کہیں مکمل تو کہیں جزوی ہڑتال، پانچ اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ بند

    0

    حزب المجاہدین کمانڈر برہان مظفر وانی کی چوتھی برسی کے موقع پر بدھ کے روز وادی کشمیر میں کہیں مکمل تو کہیں جزوی ہڑتال رہی۔
    انتظامیہ نے برہان وانی کی برسی کے پیش نظر وادی کے تمام حساس علاقوں بالخصوص جنوبی کشمیر، سری نگر اور سوپور میں سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی تھی۔
     اطلاعات کے مطابق موصوف کمانڈر کے آبائی وطن جنوبی کشمیر کے سبھی چار اضلاع میں مکمل ہڑتال رہی۔ بازاروں میں تمام دکانیں بند رہیں اور حکام نے بھی ان اضلاع کے تمام حساس علاقوں میں لوگوں کی نقل وحمل پر جزوی پابندی عائد کی تھی۔
    برہان وانی کی برسی کے پیش نظر جنوبی کشمیر اور شمالی کشمیر کے ایپل ٹاون سوپور میں بدھ کو موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل رکھی گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ خدمات کو احتیاطی طور پر بند کردیا گیا ہے تاکہ امن قانون کی بحالی کو یقینی بنایا جاسکے۔
    موبائل انٹرنیٹ کی معطلی کی وجہ سے اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور دیگر تعلیمی اداروں کو آن لائن امتحانات ملتوی کرنا پڑے ہیں۔ وادی میں طلبا کا کہنا ہے کہ سست رفتار انٹرنیٹ خدمات اور اس کی بار بار معطلی سے ان کی تعلیم بری طرح سے متاثر ہو رہی ہے۔
    سری نگر کے بیشتر علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے بتایا کہ سری نگر میں برہان وانی کی برسی کے موقع پر بغیر کسی ہڑتال کال کے مکمل ہڑتال ہے۔
    انہوں نے کہا کہ نوہٹہ میں واقع تاریخی جامع مسجد کے گرد وپیش بشمول جامع مارکیٹ کو حکام نے بند کردیا ہے اور اس کی طرف جانے والے راستوں کو خار دار تار سے سیل کیا گیا ہے اور سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS