سرینگر: صریرخالد،ایس این بی
سرینگر میں آج ایک افسوسناک واقعہ میں ایک نوجوان ماڈل اور معروف بالی وُڈ اداکار رنبیر کپور کے ہم شکل جنید شاہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ انکے خاندان نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنید پر انکے گھر میں اچانک ہی دل کا دورہ پڑا اور وہ پلک جھپکنے میں دم توڑ بیٹھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ رات کے دوران پیش آیا ہے۔جنید شاہ سرینگر کے شمالی علاقہ صورہ میں واقع جموں کشمیر کی سطح پر معروف ترین ایس کے میڈیکل انسٹیچیوٹ (سکمز) سے محض دو ایک کلومیٹر دور الٰہی باغ کے رہائشی تھے۔معلوم ہوا ہے کہ وہ حال ہی اپنے علیل والد نسار احمد شاہ کا خیال رکھنے کیلئے ممبئی سے لوٹے تھے اور ان دنوں زیادہ وقت گھر میں ہی گذارتے تھے۔
جنید شاہ 2014-15 میں تب نظروں میں آکر مشہور ہوگئے تھے کہ جب انہیں معروف بالی وُڈ ایکٹر رنبیر کپور کا ہم شکل پاکر لوگوں نے سوشل میڈٰا پر انکی تصاویر شئیر کرنا شروع کیں۔انکی شکل رنبیر کے ساتھ اس حد تک ملتی تھی کہ اور تو اور خود رنبیر کے والد رشی کپور نے انکی تصویر پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے یوں ٹویٹ کیا ’’ ہائے میرے خدا (او ایم جی) میرے اپنے بیٹے کا ڈبل!!! وعدہ آپ فرق نہیں کر پائیں گے۔ایک اچھا ڈبل (پارٹ)‘‘۔
بتایا جاتا ہے کہ رنبیر کپور کے ساتھ مشابہت رکھنے کی وجہ سے جنید شاہ ممئی جاکر بالی وُڈ میں قسمت آزمائی کر رہے تھے اور انہیں کچھ کچھ کام مل بھی رہا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ وہ ابھی تک زی ٹی وی، ایم ٹی وی اور زوم ٹی وی پر کچھ پروجیکٹ کرچکے ہیں۔
وادیٔ کشمیر میں کچھ عرصہ سے نوجوان بلکہ کمسن بچوں پر دل کا دورہ پڑنے سے اچانک فوتگی کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں۔چناچہ دو ایک ہفتہ قبل سرینگر کے لعل بازار علاقہ میں ایک پروفیسر کی 21سالہ صاحبزادی نیند میں ہی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی تھیں جبکہ اس ہفتے اس طرح کے کئی واقعات پیش آیا۔جمعرات کی رات سے جمعہ کی دوپہر تک اس طرح کے مزید تین واقعات پیش آچکے ہیں۔سرینگر شہر کے ہی عید گاہ علاقہ میں عاقب معراج نامی نوجوان کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔انکی عمر محض 22 سال تھی۔
حیران کُن طور پر دل کا دورہ پڑنے سے کم عمر نوجوانوں کی اچانک فوتگی سرینگر تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ اس طرح کے واقعات وادیٔ کشمیر کے دیگر علاقوں سے بھی رپورٹ ہورہے ہیں۔جمعہ کی دوپہر کو شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں اُسوقت کہرام مچ گیا کہ جب ابھرتے ہوئے فٹبالر توحید رحیم لون کا کگیل کے دوران انتقال ہوگیا۔ذرائع نے بتایا کہ توحید معمول کے مطابق صبح سویرے فٹبال کھیل رہے تھے کہ وہ دوڑتے دوڑتے اچانک غش کھاکر گر پڑے اور فوری طور انتقال کر گئے۔ بارہمولہ میں ذرائع نے بتایا کہ کم عمر ہونے کے باوجود بھی توحید ایک ابھرتے ہوئے کھلاڑی تھے اور کھیل کے رموزو اوقاف سے واقف ہی نہیں بلکہ بڑی حد تک ماہر بھی تھے۔ان ذرائع کا کہنا ہے کہ توحید نے اپنی ٹیم کیلئے ایک مشکل گول کیا اور اسکے بعد پورے جوش کے ساتھ کھیل رہے تھے کہ وہ اچانک گر پڑے اور پھر اٹھ نہ پائے۔ انہیں اسپتال لیجانے کی کوشش تو کی گئی تھی لیکن ڈاکٹروں کے مطابق وہ میدان میں ہی دم توڑ چکے تھے۔
جواں مرگی کے یہ واقعات ایسے میں پیش آرہے ہیں کہ جب وادیٔ کشمیر میں کووِڈ 19-کی وبأ بڑی تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے۔سرینگر کے صدر اسپتال میں ایک فزیشن ڈاکٹر سجاد کا کہنا ہے کہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ کم عمر بچوں کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرنے کے واقعات میں اضافے کی وجہ کیا ہے ۔ تاہم وادی کے نامور ڈاکٹر طارق ترمبو نے فیس بُک پر ایک پوسٹ میں خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کووِڈ19- کے غیر علامتی مریضوں میں آکسیجن کی سطح اچانک کم ہوسکتی ہے اور ایسے میں دل کا دورہ پڑنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔