جے پور : (یواین آئی) راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے آکسیجن کی پیداوار،ویکسینیشن اور طبی انفراسٹرکچر کی ماسٹر پلاننگ کرنے کی ہدایت دی ہے۔
وزیراعلیٰ اشوک گہلوت ہفتہ کی شب ریاست میں کورونا وائرس کے حالات کا جائزہ لے رہے تھے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ریاست میں کورونا وائرس کی تیسری ممکنہ لہر کا مقابلہ کرنے کے لئے ایک موثر حکمت عملی تیار کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی لہر کی طرح ریاستی حکومت نے دوسری لہر میں بھی کوڈ کو سنبھال کر پورے ملک میں ایک مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیسری لہر کے امکان کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی بھی مرحلے میں کوئی کمی نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت صحت کی سہولیات کو مستحکم کرنے کے لئے مناسب مالی وسائل مہیا کرے گی۔
وزیر اعلی نے کہا کہ ملک میں کورونا کی مختلف شکلوں کے بارے میں اطلاعات آرہی ہیں اور تیسری لہر مزید مہلک ہونے کا خوف ہے۔ اس کے حوالہ سے ملک اور دنیا میں جاری تحقیق اورمطالعہ کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ایک حکمت عملی تیار کی جانی چاہئے۔ طبی ماہرین کا ایک ریسرچ گروپ تشکیل دے کر اس طرح کی تحقیق و ریسرچ کیا جانا چاہئے۔ کورونا کے مختلف ویرینٹ کے بارے میں مقامی سطح پر بھی تحقیق کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس کام میں ملک اور دنیا میں ہمارے ملک کے غیر مقیم ڈاکٹروں سے تعاون بھی لیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے آنے والے خدشات کے پیش نظر اس طرح کے معیاری پروٹوکول تیار کیے جائیں ، جن کی بنیاد پر مستقبل میں لاک ڈاؤن لگانے ، ان لاک کرنے ، بیڈ کی تعداد میں اضافہ اور انسانی وسائل سمیت دیگر انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے ضرورت اور وقت کی حد کا تعین کرنا آسان ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ کے ریاستی سطح پر انتظامیہ کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے کے ساتھ ساتھ ضلع سطح پر بھی’مائیکرو پلاننگ‘ کی جانی چاہئے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایلوپیتھی کے ساتھ ساتھ ، لوگوں کو آیور وید ، یونانی ، ہومیوپیتھی اور قدرتی طریق علاج پر بھی اعتماد ہے۔ ان کے مناسب استعمال کے لئے ضروری پروٹوکول تیار کیے جائیں۔
ریاست کے وزیر صحت ڈاکٹر رگھو شرما نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے تمام اضلاع میں زیادہ سے زیادہ ٹسٹنگ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل ڈپارٹمنٹ تیسری لہر کو مدنظر رکھتے ہوئے ہیلتھ سسٹم کو مستحکم کررہا ہے۔
اشوک گہلوت کی آکسیجن،ویکسینیشن اور طبی انفراسٹرکچر کی ماسٹر پلاننگ کی ہدایت
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS