نئی دہلی: کانگریس نے کورونا بحران کے دوران مزدوروں کے مسائل کو حکومت تک پہنچانے، غریبوں کی آواز کو بلند کرنے کے لئے آج اسپیک اپ انڈیا مہم شروع کی۔ اس دوران کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ”کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں ایک طوفان برپا ہے۔ سب سے زیادہ متاثر غریب عوام ہوئی ہے۔ مزدوروں کو ہزاروں کلو میٹر پیدل بھوکے پیاسے چلنا پڑا۔“ اپنے ویڈیو پیغام میں راہل گاندھی نے مودی حکومت کے سامنے چار مطالبات رکھتے ہوئے کہا کہ ”سب سے پہلے ہر غریب کنبے کے بینک اکاؤنٹ میں مہینے کا 7500 روپے 6 مہینے کے لیے ڈالا جائے۔ دوسرا، منریگا کو 100 دن نہیں بلکہ 200 دن چلایا جائے۔ تیسرا، جو ہمارے چھوٹے اور میڈیم کاروباری ہیں، ان کے لیے فوراً ایک پیکیج تیار کیا جائے۔ چوتھا، جو ہمارے مزدور آج سڑکوں پر کھڑے ہیں، واپس گھر کے لیے لوٹ رہے ہیں، ان کو لوٹنے کے لیے فوری سہولت دی جائے۔“