فیفا ورلڈکپ میں سعودی عرب کا دھماکہ خیز آغاز

0

دو بار کی ورلڈچمپئن ارجنٹینا کو 2-1سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا، میسی بھی ٹیم کو شکست سے نہیں بچا سکے
لوسیل (ایجنسیاں) : قطر میں جاری فٹبال ورلڈکپ میں سعودی عرب نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ارجنٹائن کو 1-2 سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا۔فیفا کی عالمی رینکنگ میں 51 ویں نمبر پر موجود سعودی ٹیم نے عالمی نمبر 3 ارجنٹائن کو ورلڈکپ میں 2 کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔میچ سے قبل کی گئی پیش گوئی میں ارجنٹائن کی ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جارہا تھا اورمیسی کی ٹیم کی بڑی جیت کے دعوے کیے جارہے تھے تاہم سعودی عرب نے ساری قیاس آرائیاں اور دعوئوں کو غلط ثابت کرتے ہوئے دنیائے فٹ بال کو حیران کردیا۔
قطر کے شہر لوسیل میں کھیلے گئے میچ میں 2 بارکے عالمی چمپئن ارجنٹائن کی جانب سے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے 10 ویں منٹ میں
پنالٹی پرگول کیا۔اس کے بعد میچ کے وقفہ تک کوئی گول نہ ہوسکا۔ تاہم دوسرے ہاف میں سعودی عرب نے شاندار واپسی کی اور پانچ منٹ کے
اندر دو گول داغ کر میچ اپنے نام کرلیا۔
سعودی عرب کی جانب سے 48 ویں منٹ میں صالح الشہری نے گول کرکے ٹیم کو برابری دلائی اس کے بعد 53ویں منٹ میں سالم
الدوساری قابل دید گول کرکے ٹیم کو سبقت دلادی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ ارجنٹائن کی ٹیم نے بھی دوبارہ گول کرنے کے لیے
سرتوڑ کوششیں کیں اور بے شمار حملے کیے تاہم سعودی عرب کے گول کیپر الاویس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کئی یقینی گول
بچائے۔
ارجنٹائن کے دو گول آف سائیڈ پر ضائع ہوئے، سعودی عرب کے گول کیپر الاویس نے کم سے کم 5 یقینی گول بچائے۔اس کے علاوہ دفاعی
کھلاڑیوں نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میسی اینڈ کمپنی کے حملوں کو ناکام کرتے رہے۔
اس میچ میں میسی کی ٹیم ہار گئی تاہم میسی کے نام ایک خاص ریکارڈ بھی درج ہوگیا۔ لیونل میسی ارجنٹائن کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے
چاروں ورلڈکپ میں گول کیے ہیں۔
اس شکست کے ساتھ ہی ارجنٹائن کی مسلسل 36 میچوں میں ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ ٹوٹ گیا۔ اس دوران ارجنٹائن نے 25 میچ جیتے
اور 11 ڈرا کھیلے۔ اب ارجنٹینا کا مقابلہ 27 نومبر کو میکسیکو اور 30 نومبر کو پولینڈ سے ہوگا۔ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سعودی عرب کی
یہ تیسری جیت ہے۔
سعودی عرب سے ہارنے کے بعد ارجنٹائن کے اب دو میچ باقی ہیں۔ راؤنڈ آف 16 میں جانے کے لیے اب اسے کسی بھی صورت میں اپنے
دونوں میچ جیتنا ہوں گے۔فی الحال ارجنٹائن کی ٹیم گروپ سی میں سب سے نچلے مقام پر ہے جبکہ سعودی عرب ٹاپ پر ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS