چنی کی کابینہ میں آٹھ وزراء کی واپسی کے ساتھ سات نئے چہرے بھی شامل

0

چندی گڑھ: (یو این آئی) پنجاب کے نومنتخب وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی آج کابینہ میں توسیع کریں گے جس میں 15 نئے وزراء شامل کیے جائیں گے ۔حلف برداری کی تقریب راج بھون میں شام 4.30 بجے ہوگی جس میں گورنر بنوری لال پروہت 15 نئے وزراء کو عہدے اور رازداری کا حلف دلائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق کابینہ میں جہاں سات نئے چہرے شامل ہوں گے،وہیں سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ کی حکومت کے آٹھ وزراء کی بھی واپسی ہو گی ۔ ان نئے وزراء کی شمولیت سے کابینہ کی تعداد بڑھ کر 18 ہو جائے گی۔ اس سے قبل 20 ستمبر (پیر) کو مسٹر چننی نے وزیراعلیٰ اورسکھویندر سنگھ رندھاوا اورمسٹر اوم پرکاش سونی نے نائب وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لیا تھا۔ ریاستی کابینہ میں زیادہ سے زیادہ تعداد صرف 18 تک ہوسکتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کیپٹن کے قریبی پانچ وزراء کی چھٹی ہو گئی ہے ۔ ان میں سادھو سنگھ دھرمسوت،بلویر سدھو،رانا گرمیت سوڈھی ، گورپریت کنگڑ اور سندر شام اروڑا شامل ہیں۔ جبکہ مسٹر دھرم سوت پر جہاں پوسٹ میٹرک اسکالرشپ میں مبینہ گھپلے کا الزام ہے ، وہیں سوڈھی ، سدھو اور اروڑا کیپٹن کے قریبی ہیں ۔ مسٹر کنگڑ اپنے داماد کو سرکاری نوکری دلانے کے لئے نشانے پر ہیں ۔
بتایا جاتا ہےکہ کابینہ میں منپریت بادل ، وجیندر سنگلا،رضیہ سلطانہ،برھم موہندرا،ارونا چودھری، بھارت بھوشن آشو،ترپت راجندر باجوہ اور سکھ سرکاریا کی واپسی ہونے جا رہی ہے ۔ محترمہ سلطانہ کے شوہر محمد مصطفیٰ ریاستی کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو کے اسٹریٹجک مشیر ہیں۔ وہیں ارونا چودھری کے مسٹر چنی کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اورمسٹر اشو کے پارٹی کے سینئر لیڈر راہل گاندھی کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ مسٹر باجوہ اورمسٹر سرکاریا کیپٹن کے خلاف آوازاٹھاتے رہے ہیں ۔ کابینہ میں شامل ہونے والے سات نئے چہروں میں جن سات نئے چہروں کو لائے جانےکا امکان ہے ، ان میں محترمہ راجکمار ویرکا ، پرگٹ سنگھ ، سنگت گلجیاں ، گورکیرت کوٹلی ، کلجیت ناگرا ، رانا گرجیت سنگھ اور امریندر سنگھ راجہ شامل ہیں ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS