سنجے رائوت سے وابستہ جائیداد قرق

0

ای ڈی افسران کے خلاف الزامات کی جانچ کیلئے ایس آئی ٹی تشکیل
نئی دہلی/ ممبئی، (پی ٹی آئی) : انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے رقم وصولی مخالف قانون کے تحت شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے رائوت اور ان کے اہل خانہ سے وابستہ علی باغ کے 8 پلاٹ اور ممبئی میں دادر کے ایک فلیٹ کو قرق کیا ہے۔ حکام نے منگل کو یہ جانکاری دی۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی جانچ ایجنسی نے رقم وصولی مخالف ایکٹ (پی ایم ایل اے) کے تحت پلاٹ اور فلیٹ کی خرید و فروخت پر روک کیلئے غیر مستقل قرقی حکم جاری کیا ہے۔ یہ قرقی ممبئی میں ایک ’چال‘کی باز آبادکاری سے متعلق 1,034 کروڑ روپے کے مبینہ زمین گھوٹالہ سے منسلک رقم وصولی کی جانچ سے متعلق ہے۔ ای ڈی نے اس معاملے میں مہاراشٹر کے تاجر پروین رائوت کو فروری میں گرفتار کیا تھا اور بعد میں فرد جرم بھی داخل کی تھی۔ ایجنسی نے پچھلے سال سنجے رائوت کی بیوی ورشا رائوت سے پی ایم سی بینک دھوکہ دہی معاملے سے وابستہ رقم وصولی کے ایک دیگر معاملے اور پروین رائوت کی بیوی مادھوری کے ساتھ ا ن کے مبینہ رشتوں کو لے کر پوچھ گچھ کی تھی۔
دوسری جانب مہاراشٹر کے وزیر داخلہ دلیپ ولسے پاٹل نے منگل کو کہا کہ سنجے رائوت کے ذریعہ ای ڈی کے کچھ افسران کے خلاف لگائے گئے جبراً وصولی کے الزامات کی جانچ کیلئے ایک خصوصی جانچ ٹیم (ایس آئی ٹی) کی تشکیل کی گئی ہے۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’ایس آئی ٹی کی تشکیل ویریش پربھو نام کے ایک افسر کی قیادت میں کی گئی ہے۔ ہم نے ایس آئی ٹی کو معاملے کی جانچ کیلئے ضروری وقت دیا ہے۔‘پربھو اڈیشنل پولیس کمشنر (کرائم) ہیں۔ رائوت نے پچھلے ماہ پریس کانفرنس میں الزام لگایا تھا کہ ای ڈی کے کچھ افسران بی جے پی کیلئے ’اے ٹی ایم‘ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ممبئی پولیس مرکزی ایجنسی کے 4 افسران کے خلاف جبراً وصولی کے الزامات کی جانچ کر رہی ہے اور ان میں سے کچھ جیل جائیں گے۔ شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ نے الزام لگائے جانے کے دوران کسی کے نام کا انکشاف نہیں کیا تھا۔ رائوت نے کہا تھا کہ ’پچھلے کچھ برسوں میں ای ڈی کے کچھ افسران اور ایجنٹ جبراً وصولی، بلڈر اور کارپوریٹس کو دھمکانے میں شامل رہے ہیں۔ میں نے یہ جانکاری وزیراعظم کو دے دی ہے۔‘شیو سینا مہا وکاس آگھاڑی (ایم وی اے) سرکار کی قیادت کر رہی ہے جس میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) اور کانگریس فریق ہے۔ ایس آئی ٹی کی تشکیل کا یہ اعلان اہم ہے کیونکہ ایسی خبریں آئی ہیں کہ شیو سینا قیادت کو لگ رہا ہے کہ این سی پی بی جے پی کے تئیں ’نرم‘ رخ اپنا رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS