نئی دہلی، (ایجنسیاں): ہریانہ میں زمین کی خرید و فروخت سے متعلق منی لانڈرنگ معاملہ کی چارج شیٹ میں پرینکا گاندھی اور ان کے شوہر رابرٹ واڈرا کے نام شامل کیے گئے ہیں۔ ’پریونشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ‘(پی ایم ایل اے) کے تحت ایک معاملہ درج کیا گیا ہے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) معاملہ کی تحقیقات کر رہا ہے۔ فرید آباد میں تقریباً 40 کنال (5 ایکڑ) زمین کا گھوٹالہ ہوا ہے۔ اگرچہ دونوں کا نام ملزم کے طور پر شامل نہیں کیا گیا ہے، لیکن کہا جا رہا ہے کہ دونوں نے یہ زمین دہلی کے ایک ایجنٹ ایچ ایل پاہوا کے ذریعہ خریدی تھی۔ رابرٹ واڈرا اور سی سی تھمپی کے علاوہ پرینکا گاندھی کا بھی اس زمین میں حصہ ہے۔ اس معاملے میں سمیت چڈھا، سنجے بھنڈاری بھی ملزم ہیں۔ تھمپی اور واڈرا کے درمیان پیسے کا لین دین ہوا ہے، جس کی جانچ میں کئی باتیں سامنے آئیں۔
ای ڈی ذرائع کے مطابق رابرٹ واڈرا نے 2005-06 میں ہریانہ کے فرید آباد ضلع کے امی پور گاؤں میں تقریباً 5 ایکڑ زمین خریدی تھی۔ اس زمین کا سودا دہلی کے پراپرٹی ڈیلر ایچ ایل پاہوا نے کیا تھا۔ یہ زمین دسمبر 2010 میں پاہوا کو واپس فروخت کر دی گئی۔ 2006 میں ہی پرینکا گاندھی واڈرا کے نام پر امی پور گاؤں میں زمین خریدی گئی تھی۔ وہ زمین بھی فروری 2010 میں پاہوا کو واپس فروخت کر دی گئی۔ پاہوا نے امی پور گاؤں میں سی سی تھمپی کو زمین دی تھی۔ تھمپی رابرٹ واڈرا کے قریب ہیں۔ کاروبار کرنے کے علاوہ دونوں مل کر کئی طرح کے کام کرتے ہیں۔ تھمپی پر این آر آئی سمیت چڈھا کو اسلحہ ڈیلر سنجے بھنڈاری کے کالے دھن میں سرمایہ کاری میں مدد کرنے کا الزام ہے۔ اس لیے شبہ ہے کہ امی پور میں خریدی گئی زمین اسی رقم سے خریدی گئی تھی۔ سنجے بھنڈاری کے خلاف منی لانڈرنگ، فارن ایکسچینج، کالا دھن، قوانین کی خلاف ورزی اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت پہلے ہی کئی مقدمات درج ہیں۔ سنجے بھنڈاری 2016 میں ہندوستان سے فرار ہو گیاتھا اور اس وقت برطانیہ میں مقیم ہے، تھمپی سنجے بھنڈاری سے جڑے مقدمات میں بھی ملزم ہے۔ رابرٹ واڈرا بھی تھمپی کے خلاف پہلے سے چل رہے ایک معاملہ میں ملزم ہیں، کیونکہ زمین خریدی اور فروخت کی گئی۔
مزید پڑھیں: ’انڈیا‘اور این ڈی اے میں نظریات کی لڑائی: راہل گاندھی
یہ بھی پڑھیں: جب فلسطینی ریاست قائم ہوگی تواسرائیل کو تسلیم کرنے پر بات کریں گے: خالد مشعل
اس خرید و فروخت میں بھی پوری رقم نہیں دی گئی۔ سنجے بھنڈاری، سی سی تھمپی اور رابرٹ واڈرا سبھی کے زمینی کنکشن ہیں، اس لیے ای ڈی کو شبہ ہے کہ زمین کی خرید و فروخت کے پیچھے کوئی الگ کہانی ہے۔ حالانکہ جانچ ابھی جاری ہے اور معاملے کی تہہ تک پہنچنے کیلئے ای ڈی نے چارج شیٹ میں رابرٹ واڈرا اور پرینکا گاندھی کے نام شامل کیے ہیں، لیکن وہ ابھی تک ملزم نہیں ہیں۔ مزید کارروائی کا انحصار تحقیقات پر ہوگا۔