پورا ملک کورونا سے کراہ رہا ہے ، نریندر مودی وامت شاہ کو عوام سے زیادہ انتخابات کی فکر: سنجے سنگھ
نئی دہلی؍ لکھنؤ (ایس این بی) : عام آدمی پارٹی کے اتر پردیش انچارج اور راجیہ سبھا ممبر سنجے سنگھ نے کورونا کے خلاف مقابلے پر اترپردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ پورا ملک کورونا سے کراہ رہا ہے، ہر کنبہ پریشان ہیں اور پریشان کے عالم میں ہے مگر وزیر اعظم اور وزیر داخلہ لوگوں کو افسردہ حالت میں چھوڑ کر غائب ہیں۔ عوام سے زیادہ انتخابات کی فکر ہے۔ یوپی میں صورتحال بدترین ہے۔ اسپتالوں میں مریضوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ ان کے اہل خانہ آکسیجن ، بستروں اور دوائیوں کی کمی کے سبب جگہ جگہ ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ مریض علاج کے بغیر ہی دم توڑ رہے ہیں لیکن یوگی حکومت نظام کو بہتر بنانے کی بجائے سچ کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوںنے کہا کہ یوگی حکومت کورونا کے خلاف جنگ میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ مرکزی حکومت کو ریاست پر فوری مداخلت کرنی چاہئے۔ عام آدمی پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ ہفتہ کے روز لکھنؤ واقع پارٹی دفتر میں پریس سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے وبا میں جاری انتخابی ریلیوں کے لئے مودی اور شاہ کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یوپی کے عوام جنہوں نے لائن لگا کر مودی جی کی حکومت تشکیل دی ، آج وہ شمشان گھاٹ میں لائنیں لگانے پر مجبور ہیں۔ ایسے میں وزیر اعظم اور وزیر داخلہ عوام کی جانوں کی فکر کرنے کے بجائے انتخابات کی فکر کر رہے ہیں۔ شمشان گھاٹ میں لوگوں کو جلانے کے لئے گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔ بنارس میں جس میں نریندر مودی نے کہا تھا کہ ’مجھے گنگا مائیا نے بلایا ہے‘، ہریشچندر گھاٹ پر جمعہ کے روز 125 لاشیں جلا ئی گئیں۔ بنارس کو یتیم بنا کر چھوڑ کر وزیر اعظم آج انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ انہوں نے یوپی کی صورتحال کو بیان کرتے ہوئے اضلاع میں کورونا معائنہ نہ کروانے کے مسئلے کو اٹھایا۔انہوں نے امبیڈکر نگر میں ایک کیس کا حوالہ دیا جس میں پھیپھڑوں میں ناکامی کے بعد بھی میڈیکل کالج میں مریض کو وینٹیلیٹر نہیں مل سکا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام اضلاع کے اسپتالوں میں بستر ، آکسیجن ، وینٹیلیٹر نہ ملنے کی اطلاعات ہیں۔ گجرات سورت ہو یا بنارس ، لکھنؤ ، پورا ملک کورونا سے کراہ رہا ہے۔
سنجے سنگھ نے روزانہ انفیکشن کے اعداد و شمار بتاتے ہوئے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی ریلیاں گناتے ہوئے کہا کہ انتخابات آتے رہیں گے لیکن وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو لوگوں کی زندگی کی فکر کرنی چاہئے جو اس وقت انتخابات میں ووٹ دیتے ہیں۔ مرکز کو یوپی کی صورتحال پر نگاہ رکھنا چاہئے اور یہاں اس کے لئے خصوصی مدد کا اعلان کرنا چاہئے۔
وزیر اعظم کیئر فنڈ کا مطالبہ سنجے سنگھ نے کورونا وبا کی روک تھام کے لئے مرکز کے نظام پر سوال اٹھائے تھے۔ کہا کہ دہلی حکومت نے کورونا سے متعلق مختلف امور پر مرکز کو خط لکھا ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ وزیر اعظم کیئر فنڈ کا سارا حساب ملک کے لوگوں کو دیں۔ اس فنڈ سے راجستھان میں خریدے جانے والے وینٹیلیٹر 90 سے 95 فیصد عیب دار ہیں۔ لہذا ، بڑے پیمانے پر بدعنوانی کا امکان ہے۔ پاکستان سے پہلے وطن عزیز کو ویکسینیشن لگوانی چاہیے تھی۔ سنجے سنگھ نے مختلف ممالک میں بھیجی جانے والی بھارتیہ ویکسین پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں شمشان گھاٹ میں لاشیں رکھی ہوئی ہیں۔ یہاں ویکسینوں کی کمی ہے اور لوگ ویکسین لگانے کے لئے بے چین ہیں۔ مودی اپنے ملک والوں کو ویکسینیشن لگانے سے پہلے پاکستان ، کینیڈا جیسے ممالک میں ویکسینیشن کرانے میں مصروف ہیں۔
ملک کو غمزدہ چھوڑکر وزیر اعظم اور وزیر داخلہ لاپتہ
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS