پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی صاحبزادی التجا مفتی نے پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک مندر کی تعمیر پر جاری تنازعے کے حوالے سے کہا ہے کہ مندر کی تعمیر پر روک ایک اسلامی فلاحی ریاست کے مذہبی آزادی کے تصور کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرتار پور رہداری کھولنا ایک مستحسن عمل تھا لیکن اس کے برعکس مندر کی تعمیر پر پابندی ایک رجعت پسندانہ اقدام ہے۔
موصوفہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ 'اسلام آباد میں ایک مندر کی تعمیر پر روک عائد کرنا اسلامی فلاحی اسٹیٹ کے اس تصور کے خلاف ہے جو مذہبی آزادی کا حامی ہے۔ کرتار پور رہداری کے کھولنے کی کافی ستائش کی گئی تھی لیکن یہ حالیہ پہل رجعت پسند ہے'۔
بتادیں کہ پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک مندر کی تعمیر تنازعے کا باعث بن گئی ہے جس کی وجہ سے اس کی تعمیر پر روک لگادی گئی ہے۔ اسلام آباد کے ترقیاتی ادارے کے مطابق مندر کی تعمیر کا کام عمارت کا نقشہ موصول نہ ہونے کی وجہ سے معطل کیا گیا ہے۔