چرار شریف میں میں تیندوں کی موجودگی سے خوف وہراس

0

سری نگر : (یو این آئی) جموں وکشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے ٓاقبال آباد چرار شریف علاقے میں دو تیندوں کی نقل وحرکت کے بعد محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم نے جگہ جگہ پنجرے نصب کئے ہیں۔ پولیس کے ایک آفیسر نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو اقبال آباد چرار شریف علاقے میں دو تیندوں کو دیکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنگلی جانوروں کی ویڈیو سی سی ٹی وی میں بھی قید ہوئی ہے جس کے بعد وائلڈ لائف حکام کو اس بارے میں مطلع کیا گیا۔ اُن کے مطابق وائلڈ لائف کی ٹیم نے اقبال آباد چرار شریف اور اُس کے ملحقہ علاقوں میں پنجرے نصب کئے ہیں تاکہ تیندوں کو پکڑا جا سکے۔ مذکورہ آفیسر نے بتایا کہ پچھلے دو روز سے تیندوں کو رات کے اوقات میں رہائشی مکانوں کی دیواروں پر دیکھا گیا جس کے پیش نظر لوگوں سے تلقین کی گئی ہے کہ وہ رات کے دوران گھروں سے باہر نہ آئیں۔
دریں اثنا مقامی لوگوں نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ علاقے میں دو تیندوے آزادانہ طور پر گھوم پھیر رہے ہیں جس وجہ سے وہ گھروں میں سہم کررہ گئے ہیں۔ اُن کے مطابق جنگلی جانور دیواروں کو پھلانگ کر رہائشی مکانوں کے صحنوں میں گھس آرہے ہیں جس وجہ سے لوگوں میں خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے جنگلی جانوروں کو پکڑنے کی خاطر جنگی بنیادوں پر اقدامات اُٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS