منریگاقانون کو سخت بنانے کی تیاری

0

پچھلے 2سال میں دھاندلی کی شکایتوں کے بعد سرکار متحرک
نئی دہلی، (پی ٹی آئی) :سرکار مہاتماگاندھی قومی دیہی روزگار گارنٹی قانون (منریگا) کو سخت بنانے کی تیاری کررہی ہے۔ کیونکہ پچھلے دو برسوں کے دوران اس اسکیم کے تحت دیہی روزگار پروگرام میں کافی دھاندلی اور رساؤ دیکھنے کو ملا ہے۔ ایک اعلیٰ افسر نے یہ جانکاری دی۔ مرکز نے 2022-23 کیلئے منریگا کے تحت 73ہزار کروڑ روپے الاٹ کئے ہیں، جو رواں مالی سال کے ترمیم شدہ تخمینہ(آرای) میں دیئے گئے 98ہزار کروڑ روپے سے 25فیصد کم ہے۔ آئندہ مالی سال کیلئے مختص رواں مالی سال کیلئے بجٹ تخمینہ(بی ای) کے برابر ہے۔ افسر نے کہاکہ پچھلے دو برسوں میںبی ای کے مقابلے آر ای کافی زیادہ رہا ہے اور یہ پایا گیا کہ اس میں زبردست ’رساؤ‘ ہورہا ہے اور بچولیے اسکیم کے تحت مستفیدین کے نام درج کرنے کیلئے پیسے لے رہے ہیں۔ افسر نے بتایاکہ راست فوائد منتقلی سیدھے شخص تک رقم پہنچانے میں کامیاب رہا ہے، لیکن پھر بھی ایسے بچولیے ہیں جو لوگوں سے کہہ رہے ہیں کہ میں آپ کا نام منریگا لسٹ میں ڈال دوں گا، لیکن آپ کو نقد منتقلی کے بعد وہ رقم مجھے واپس دینی ہوگی۔ یہ بڑے پیمانے پر ہورہاہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی ترقیات کی وزارت اس پر سختی کرے گی۔ افسر نے کہاکہ مستفیدین اور بچولیوں کے درمیان یہ سازباز ہے کہ چونکہ مستفیدین بچولیے کو کچھ حصہ دے رہا ہے، اس لئے وہ کام پر بھی نہیں جائے گا اور اس لئے کوئی کام نہیں ہورہاہے۔ افسر نے کہاکہ سرکار پچھلے دو برسوں میں منریگا فنڈ الاٹ کرنے میں بہت فراخ دل رہی ہے۔ ہم نے 2020-21 میں 1.11لاکھ کروڑ روپے جاری کئے، جبکہ 2014-15 میں یہ اعدادوشمار 35ہزار کروڑ روپے تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS