ویٹیکن (ایجنسیاں) : کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس کو ایک صحافی نے میوزک شاپ سے نکلتے ہوئے دیکھ لیا اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پوپ فرانسس منگل کے روز ویٹی کن میں خفیہ طور پر ایک میوزک شاپ میں گئے تاہم جب وہ باہر آئے تو مقامی صحافی جیویر ماٹینز اتقاق سے وسطی روم کے علاقے میں موجود تھے ،انہوں نے موبائل سے پوپ کی ویڈیو بناکر ٹوئٹر پر پوسٹ کردی۔تاہم 85 سالہ فرانسس نے صحافی کو ایک خط لکھا جس میں انہوں نے اسے اس کے کام پر مبارکباد دی اور اپنی بدقسمتی پر افسوس کا اظہار کیا۔ فرانسس نے خط میں لکھا کہ
El Papa, en una tienda de discos de Roma pic.twitter.com/U1KfQarb6R
— Javier Martínez-Brocal (@javierMbrocal) January 11, 2022
’آپ اس سے انکار نہیں کر سکتے کہ یہ میری بدقسمتی تھی کہ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے باوجود ٹیکسی رینک کے پاس ایک صحافی موجود تھا جس نے مجھے دیکھ لیا۔‘
انہوں نے صحافی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کے کام کا شکریہ جس نے مجھے مشکل میں ڈال دیا لیکن پتہ ہے میں سب سے زیادہ جس چیز کی کمی محسوس کرتا ہوں وہ یہ ہے کہ جب سے میں پوپ بنا میں سڑکوں پر عام آدمی کی طرح نہیں گھوم سکتا جیسا کہ میں پہلے گھومتا تھا۔رپورٹس کے مطابق فرانسس منگل کے روز ایک سادہ سفید لباس میں ویٹی کن میں قائم اسٹیریو ساؤنڈ کی دکان پر گئے جہاں وہ 15 منٹ تک رہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق میوزک شاپ کے مالک کا کہنا ہے کہ وہ اور پوپ اس زمانے سے دوست ہیں جب وہ بلجیم میں ہوا کرتے تھے اور وہ اس وقت پوپ فرانسس نہیں تھے۔
شاپ کے مالک نے مزید بتایا کہ پوپ کلاسیکی موسیقی کے ریکارڈ اور سی ڈی خریدنے کے لیے ان کی دکان پر آتے تھے اور منگل کے روز بھی انہوں نے پوپ کو کلاسیکی موسیقی کی کافی سی ڈیز دیں۔واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں تھا جب پوپ نے روم کی کسی دکان کا دورہ کیا ہو، 2015 میں، اپنے انتخاب کے دو سال بعد انہوں نے روم کے ایک ماہر امراض چشم سے چشموں کا ایک نیا جوڑا منگوایا جو انہیں ویٹی کن پہنچا دیا جانا تھا لیکن انہوں نے خود اسے لینے کا فیصلہ کیا تھا۔