لکھنؤ: دہلی سے اترپردیش مزدوروں کو لانے کے لئے کانگریس کی جانب سے بسوں کے انتظام میں خرد برد کے الزام میں 20مئی کو گرفتاری کے بعد کل رہا کئے گئے پارٹی کے ریاستی صدر اجے کمار للو نے جمعرات کو کہا کہ وہ مزدوروں کے لئے ہزار بار جیل جانے کو تیار ہیں۔ ریاستی کانگریس صدر نے یہاں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی تانا شاہی کانگریس کو غریبوں کی خدمت کرنے سے نہیں روک سکتی۔ وہ خود مزدور رہے ہیں اور ان کے دکھ درد کو سمجھتے ہیں۔ انہوں نے خود گڑگاؤں میں مزدوری کی ہے۔ غریب مخالف بی جے پی کی حکومت نہیں چاہتی کہ غریبوں کو راحت ملے۔ بی جے پی کی غریب مخالف ذہنیت صاف ہوگئی ہے۔ اس حکومت میں مزدوروں کی خدمت کرنے، انہیں محفوظ ان کے مقام تک پہنچانے کی کوشش کرنے والوں کو جیل بھیجا جاتا ہے اور فرضی مقدمے درج کئے جاتے ہیں۔ لیکن ریاستی حکومت کانگریس کے خدمت خلق کے کام کو نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے پیدل چل رہے مزدوروں کے لئے بس چلانے کی اجازت طلب کی تھی۔ لیکن حکومت نے غریب مخالف ذہنیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خدمت خلق میں لگے کانگریس کے لیڈران اور کارکنوں پر مقدمے درج کراکر انہیں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔ ریاستی صدر نے کہا کہ مجھے 27دنوں تک جیل میں رکھا گیا اور اپنے وکیل سے بھی ملنے نہیں دیا گیا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ حکومت کی جانب سے تمام طرح کی روکاوٹیں ڈالنے کے باوجود پوری ریاست میں کانگریس کے کارکنوں نے ایک کروڑ 15لاکھ افراد تک راشن پہنچایا ہے۔ ان کی رہائی کے لئے پارٹی کے کارکنان نے 'سیوا ستیہ گرہ' تحریک چلائی ہے۔
مزدوروں کے لئے ہزار بار جیل جانے کو تیار: اجے کمار للو
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS