پولیس ہیڈکوارٹر میں ہائی ٹیک سکریٹریٹ بنانے کا فیصلہ

0
ET Government

پولیس کمشنر راکیش استھانہ کا طریق کار کو بہتربنانے کیلئے نیا تجربہ

متالی چندولا
نئی دہلی (ایس این بی) : حال ہی میں دہلی کے پولیس کمشنر کی ذمہ داری سنبھالنے والے 1984بیچ کے گجرات کیڈر کے آئی پی ایس افسر راکیش استھانہ نے دہلی پولیس کے طریق کار کو اور زیادہ پیشہ ور بنانے کی شروعات کردی ہے۔ انہوںنے نیم فوجی دستوں کی طرز پر دہلی پولیس ہیڈکوارٹر میں اپنا ہائی ٹیک سکریٹریٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
استھانہ اپنے سکریٹریٹ کو 17ویں منزل پر منتقل کرنے کا منصوبہ بھی بنارہے ہیں۔ دہلی پولیس ہیڈ کوارٹر کے اصل نقشہ کے مطابق بھی پولیس کمشنر کا دفتر 17ویں منزل پر ہی ہوا کرتا تھا لیکن سابق پولیس کمشنر امولیہ پٹنایک نے اپنی مدت کے دوران اسے دوسری منزل پر لے جانے کا فیصلہ کیا تھا۔ کسی بھی سیکورٹی ایجنسی کے سربراہ کے لیے سکریٹریٹ کی روایت عام طورپر ریسرچ اینڈ اینالسس ونگ (را) اور نیم فوجی فورسیز میں ہی دیکھی جاتی ہے۔ سکریٹریٹ اور ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر جنرل الگ الگ ونگ کے لیے انچارج کی تقرری کرتے ہیں اور متعلقہ معاملوں پر ان سے راست طورپر اپڈیٹ مانگتے ہیں۔ ملک کی راجدھانی کی پولیس کے طریق کار کو بڑھانے کے لیے پولیس کمشنر راکیش استھانہ اس تجربہ کو آزمانے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ دہلی پولیس میں پولیس کمشنر کے لیے سکریٹریٹ کا نظم پہلی بار ہورہا ہے۔ سکریٹریٹ میں دو ایڈیشنل ڈی سی پی رینک کے افسران کے ساتھ ایک ایڈیشنل سی پی رینک کے افسر کی تقرری کرنے کا فیصلہ بھی لیا گیا ہے۔ مانا جارہا ہے کہ اس نئے نظم سے دہلی میں جرائم پر کنٹرول کے کام میں تیزی آئے گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS