دہلی فسادات میں پولیس بے قصوروں کو پھنسارہی ہے

0

نئی دہلی (ایس این بی)
دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار نے مودی سرکار پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ان سماجی کارکنان نام شمال مشرقی دہلی فسادات میں شامل کر رہی ہے جن کاان فسادات میں کوئی رول نہیں تھالیکن فسادات میں فرقہ وارانہ تشدد بھڑکانے میں خاص طور سے ملوث بڑے لوگوں پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دہلی دورے کے وقت مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی دہلی پولیس نے کوئی بھی کارروائی نہیں کی۔ چودھری انل کمار نے کہا کہ دہلی پولیس کچھ سیاسی لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے سماجی کارکنان اور سیاسی لیڈروں جن میں خاص طور سے کمیونسٹ لیڈرسیتا رام یچوری ،سرگرم سماجی کارکن یوگیندر یادو، ماہر اقتصادیا ت جینتی گھوش ،ڈی یو کے پروفیسر اپورونا نند اور ریاستی کانگریس لیڈر چودھری متین وغیرہ کے نام فساد بھڑکانے کے لئے یک طرفہ ملزم ثابت کرکے دہلی پولیس کے ذریعہ چارج شیٹ میں شامل کئے گئے ہیں جبکہ فسادات کے اصل ملزمین دہلی کے سابق وزیر کپل مشرا اور مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر وغیرہ کا نام رپورٹ میں کہیں نہیں ہے۔
انہوں نے  دہلی فسادات میں بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کا رول ہونے پر دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کی خاموشی پر سوال کیا اور کجریوال پر اصل فسادیوں کو بچانے کا الزام لگایا ہے۔پولیس ان لوگوں کو ٹارگیٹ کر رہی ہے جو مرکزی سرکار کے سی اے اے اور این آر سی قانون کے خلاف پر امن طریقہ سے مظاہرہ کر رہے تھے اور جن کا فسادات سے کوئی لینا دینا نہیں تھا۔یہ واضح طور پر سیاسی بدلہ کا معاملہ ہے کیونکہ ان سیاسی کارکنان کا واحد مقصد امن کے لئے کام کرنا ہے۔
چودھری انل کمار نے بی جے پی کی مرکزی سرکار اور دہلی سرکار سے نظام الدین واقع تبلیغی مرکز کو پھر سے کھولنے کی اجازت نہ دینے کے لئے مذمت کی جبکہ سرکار نے دیگر سبھی مذہبی مقامات کو سماجی دوری وغیرہ ضابطوں اور د یگر سبھی کووڈ-19 کی گائڈ لائنس کا عمل کرکے پوجا کو پھر سے شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی سرکار اور دہلی کی اروند کجریوال سرکار کو واضح کرنا چاہئے کہ کسی بھی مذہبی مقام یا پوجا کے مقام کی طرح تبلیغی مرکز نظام الدین کو اجازت کیوں نہیں دی جارہی ہے ۔
انل کمار نے آج ریلوے لائن کے نزدیک بسی جھگی کلسٹر اننا نگر کیمپ ،سنجے امر کالونی کا دورہ کیااور انہیں یقین دلایا کہ کانگریس پارٹی بغیر متبادل رہائش کے انہیں اجڑنے نہیں دے گی۔انہوں نے اروند کجریوال سرکار اور بی جے پی کے زیر اقتدار ایم سی ڈی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اننا نگر کے جھگی والوں کی خراب حالت کے لئے دونوں پارٹیاں پوری طرح ذمہ دار ہیں ۔ اس موقع پر انل کمارکے علاوہ سابق ممبر اسمبلی تروندر سنگھ مارواہ، دنیش کمار ایڈووکیٹ، سبھاش ملہوترہ سمیت بڑی تعداد میں کانگریسی کارکنان موجود تھے۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS