اسلام آباد: (یو این آئی) پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اپنے بڑے بھائی اور پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے سپریمو نواز شریف سے ملاقات کے لیے لندن روانہ ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کو پارٹی قیادت سے کچھ انتہائی اہم معاملات پر مشاورت کرنے کی ضرورت ہے جن پر انہیں اعتراض ہے اور توقع ہے کہ مسلم لیگ (ن) ’’بڑا فیصلہ‘‘کرے گی۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اس معاملے پر آن لائن میٹنگ کرنے کے خیال کو مسترد کر دیا۔
شہباز شریف کے ساتھ لندن جانے والوں میں کئی وزراء شامل ہیں جن میں احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف، خرم دستگیر اور محترمہ مریم اورنگزیب شامل ہیں۔متوقع ملاقات کے بارے میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ وہ موجودہ صورتحال کے ساتھ ساتھ پاکستان کے سامنے آنے والے معاملے پر بھی بات کریں گے۔دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار نے کہا کہ لندن میں ہونے والی ملاقات بہت اہم ہے کیونکہ اس میں معیشت کے حوالے سے بڑے فیصلے ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے قبل از وقت انتخابات کی تردید کی اور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اکتوبر سے پہلے انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔
پارٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر حکمت عملی پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
یہ بات چیت اور ملاقات خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ توقع ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا وفد 18 مئی کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں پاکستانی حکام کے ساتھ بات چیت کا آغاز کرے گا۔اس کے علاوہ اس اجلاس میں اختیارات کی تقسیم، اگلے عام انتخابات اور پنجاب کابینہ کے حوالے سے بھی فیصلے متوقع ہیں۔
شہباز شریف نواز شریف سے ملاقات کے لیے لندن روانہ
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS