نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس کے آئے دن بڑھتے معاملوں کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ ہفتہ منگل اور بدھ کے روز ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے اعلی سے اس وائرس سے نمٹنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیراعظم مودی دوگروپوں میں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ سہ پہر تین بجے میٹنگ کریں گے۔ منگل کو21 اور بدھ کے روز 15 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے اعلیٰ سے بات چیت کریں گے۔
وزیر اعظم کے دفتر(پی ایم او) نے آج ٹویٹ کر کے کہا کہ مودی آئندہ ہفتہ منگل اور بدھ کو مختلف ریاستوں اور مرکزکے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے اعلی سے تبادلہ خیال کریں گے۔ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ہونے والی بات چیت کا پروگرام دیتے ہوئے اس ٹوئٹ میں یہ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کس دن کس ریاست کے وزیراعلیٰ سے بات چیت کریں گے۔
شیڈول کے مطابق ، وزیراعظم مودی منگل کو ، پنجاب ، آسام ، کیرالہ ، اتراکھنڈ ، جھارکھنڈ ، چھتیس گڑھ ، تری پورہ ، ہماچل پردیش ، چنڈی گڑھ ، گوا ، منی پور ، ناگالینڈ ، لداخ ، پڈوچیری ، اروناچل پردیش ، میگھالیہ ، میزورم ، انڈمان نکوبار ، دادارا نگر حویلی، دمن دیو اور لکش دیوپ کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔
بدھ کے روز وہ مہاراشٹر ، تمل ناڈو ، دہلی ، گجرات ، راجستھان ، اتر پردیش ، مدھیہ پردیش ، مغربی بنگال ، کرناٹک ،بہار،آندھرا پردیش ، ہریانہ ، جموں کشمیر ، تلنگانہ اور اڈیشہ کے وزرائے اعلی سے تبادلہ خیال کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ مکمل لاک ڈاؤن کا چوتھا مرحلہ 17 مئی کو ختم ہونے کے ساتھ ملک بھر میں پابندیوں کو ہٹانے کیلئے ’ان لاک ون ‘ کا عمل شروع کیا گیا تھا۔ تب سے ملک میں کورونا وائرس کے معاملے تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
ملک میں مکمل لاک ڈاؤن کا پہلا مرحلہ 25 مارچ سے شروع ہوا تھا۔ وزیراعظم مودی 20 ، 2 ، 11 اور 27 اپریل اور 11 مارچ کو کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد سے پانچ بار وزرائے اعلی کے ساتھ میٹنگیں کر چکے ہیں۔