نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی 15 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر ساتویں مرتبہ لال قلعہ کی فصیل پر ترنگا لہرائیں گے اور قوم سے خطاب کریں گے ، جس کے ساتھ ہی وہ ایسا کرنے والے پہلے غیر کانگریسی وزیر اعظم ہوں گے ۔
وزیراعظم مودی نے پہلی مرتبہ سنہ 2014 میں لال قلعہ پر قومی پرچم لہرایا تھا اور گذشتہ برس اپنی حکومت کے دوسرے دور میں چھٹویں مرتبہ ترنگا لہرا کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کے پہلے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی برابری کر لی تھی ،اس مرتبہ وہ واجپئی سے ایک قدم آگے بڑھ کر ساتویں مرتبہ ترنگا لہرائیں گے۔
بی جے پی کی زیرقیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے سربراہ رہے اٹل بہاری واجپئی نے 19 مارچ 1998 سے 22 مئی 2004 کے درمیان چھ بار ترنگا لہرایا تھا ۔ اگرچہ واجپئی 1996 میں پہلی بار وزیر اعظم بنے تھے ، لیکن ان کی حکومت زیادہ دن نہیں چل پائی تھی اور قومی پرچم لہرانے کا موقع نہیں مل سکا تھا ۔
ملک میں ایمرجنسی کے تعلق سے عام لوگوں میں ناراضگی کی لہر نے 1977 کے عام انتخابات میں اس وقت کی کانگریس حکومت کو اقتدار سے باہر کردیا اور مرکز میں جنتا پارٹی کی حکومت بنی ۔ آزادی کے بعد یہ پہلی غیر کانگریس حکومت تھی۔ مسٹر مورارجی دیسائی اس حکومت کے سربراہ بنے ۔ انہوں نے دو بار 1977 اور 1978 میں لال قلعہ کی فصیل پر ترنگا لہرایا تھا ۔
اس کے بعد 28 جولائی 1979 کو چودھری چرن سنگھ سماج وادی پارٹیوں اور کانگریس (یو) کی حمایت سے وزیر اعظم بنے اور اسی سال پہلی اور آخری بار ترنگا لہرایا ۔ چرن سنگھ کے علاوہ وشوناتھ پرتاپ سنگھ ، ایچ ڈی دیو دیو گوڈا اور اندرا کمار گجرال بھی غیر کانگریسی وزیر اعظم تھے جن کو ایک ایک بار ترنگا لہرانے کا اعزاز حاصل ہوا ۔
دلچسپ حقیقت یہ بھی ہے کہ ایسی دو شخصیات بھی رہی ہیں، جو وزیر اعظم تو بنے ، لیکن انہیں لال قلعے پر قومی پرچم لہرانا نصیب نہیں ہوا ۔ ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے انتقال کے بعد 27 مئی 1964 کو گلزاری لال نندا کچھ وقت کے لئے کارگذار وزیر اعظم بنے۔ لال بہادر شاستری کے انتقال کے بعد بھی وہ کچھ عرصے کے لئے کار گذار وزیر اعظم بنے۔ اسی طرح چندرشیکھر 10 نومبر 1990 کو وزیر اعظم بنے لیکن صرف چھ ماہ بعد ہی کانگریس نے ان کی پارٹی کی حکومت سے حمایت واپس لے لی اور انہیں 21 جون 1991 کو عہدہ چھوڑنا پڑا۔ اگر ماضی کے دریچوں میں دیکھا جائے تو یہ ہی نظر آتا ہے آزاد ہندوستان کی تاریخ میں سب سے زائد مرتبہ ترنگا لہرانے کا ریکارڈ پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے نام ہے ۔ انہوں نے سب سے زائد 17 بار لال قلعہ پر ترنگا لہرایا ہے۔ وہ 15 اگست 1947 سے 27 مئی 1964 تک وزیر اعظم رہے۔
نہرو کے بعد ان کی صاحبزادی اندرا گاندھی 24 جنوری 1966 سے 24 مارچ 1977 اور 14 جنوری 1980 سے 31 اکتوبر 1984 کے دوران وزیر اعظم رہیں۔ ان دو مدت کار میں گاندھی نے 16 بار قومی پرچم لہرایا ۔ تیسرے مقام پر ڈاکٹر من موہن سنگھ ہیں جنہوں نے لال قلعہ پر 10 بار ترنگا لہرایا۔ وہ 22 مئی 2004 سے 26 مئی 2014 تک وزیر اعظم رہے۔
راجیو گاندھی اور پی وی نرسمہا راؤ نے پانچ پانچ بار لال قلعے کے کی فصیل پر ترنگا لہرایا اور ملک سے خطاب کیا ۔ راجیو گاندھی 31 اکتوبر 1984 سے یکم دسمبر 1989 تک وزیر اعظم رہے جبکہ راؤ کی مدت کار 21 جون 1991 سے 10 مئی 1996 تک رہی ۔ ملک میں ایک ایماندار حکمران کے طور پرپہچان رکھنے والے لال بہادر شاستری 9 جون 1964 ء سے 11 جنوری 1966 ء تک وزیر اعظم رہے اور دو بار ترنگا لہرایا۔