وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس وبا سے لڑنے کے لئے لوگوں کو بدھ کے راستے پر چلنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان آج ہر ایک شہری کی زندگی بچانے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے، ساتھ ہی اپنی عالمی ذمہ داریوں کو بھی اتنی ہی سنجیدگی سے نبھارہا ہے۔ وزیراعظم مودی نے یہ بات آج بدھ پورنیما کے موقع پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ورچول پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے کہی ۔ یہ ورچول کانفرنس کورونا سے ہلاک ہونے والوں اور اس سے لڑنے والے بہادروں کے اعزاز میں منعقد کی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی تعمیر و ترقی ہمیشہ دنیا کی ترقی میں مددگار ثابت ہوگی ۔ انہوں نے بدھ کے پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’’ جو دن رات ہر وقت خدمت ِ خلق میں مصروف رہتے ہیں ، وہ بدھ کے سچے پیروکار ہیں۔ اس مشکل صورتحال میں آپ اپنا اور اپنے جاندان کا، جس بھی ملک میں آپ ہیں، خیال رکھیں ۔ اپنی حفاظت کریں اور زیادہ سے زیادہ دوسروں کی مدد کریں ‘‘ اس پروگرام میں بین الاقوامی سطح سے کئی بدھ رہنما شامل ہوئے۔