لوگ مہنگائی سے پریشان، وزیر اعظم یوکرین جنگ کو حل کرنے میں مصروف: سنجے رائوت

0

ممبئی (ایجنسیاں) : بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے سنجے رائوت نے کہا کہ مہنگائی اپنے عروج پر ہے۔ ڈیزل، پٹرول، ایل پی جی سلنڈر سمیت تمام ضروری چیزوں کی قیمتیں دن بہ دن بڑھ رہی ہیں۔ اس کے باوجود بی جے پی کا ایک بھی لیڈر مہنگائی جیسے اہم مسئلہ اور عام آدمی سے متعلق بات نہیں کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے بی جے پی کے لیڈران لاؤڈ اسپیکر کے مسئلہ پر شور مچا رہے ہیں۔ اسی طرح وہ عوام کے سامنے مہنگائی پر بات کریں۔ نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو دوسرے ممالک کے درمیان جاری جنگ میں زیادہ دلچسپی ہے۔ اس بات پر ان کے بھکت ان کی تعریف کر رہے ہیں۔ لیکن ملک کے شہری مہنگائی سے جنگ لڑ رہے ہیں۔ آخر ان کی کیا غلطی ہے؟
میڈیا سے بات کرتے ہوئے سنجے رائوت نے کہا کہ مہاراشٹر میں لاؤڈ اسپیکر کا مسئلہ اب ختم ہو چکا ہے۔ قانون کے مطابق کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں امن ہے۔ تاہم کچھ لوگ ماحول کو خراب کرنے کا کام کر رہے تھے۔ لیکن مہاراشٹر میں رہنے والے تمام ذاتوں اور مذاہب کے لوگوں نے ایسے لوگوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ لاؤڈ سپیکر کے حوالے سے پورے ملک میں یونیورسل پالیسی بنائی جانی چاہئے۔ راج ٹھاکرے پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندو سماج میں لاؤڈ اسپیکر کے معاملے کی وجہ سے سب سے زیادہ ناراضگی ہے۔ ہندو سماج میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے ڈر سے تمام سیاسی لاؤڈ سپیکر غائب ہو چکے ہیں۔ ملک میں قانون کی حکمرانی ہے اور اسی کے مطابق کام ہو رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS