Image:dnaindia

45سال سے زیادہ عمر کے ہر شخص کو لگے گی کورونا ویکسین
نئی دہلی : مرکزی سرکار کی طرف سے کورونا سے جنگ کے خلاف ایک بڑا فیصلہ لیاگیاہے۔ حکومت ہند نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے یکم اپریل سے ویکسی نیشن کا دائرہ بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ اب 45 سال سے زیادہ عمر کے تمام افراد کورونا کا ٹیکہ لگوانے کے اہل ہوں گے۔ مرکزی حکومت کے اس اعلان سے آنے والے دنوں میں کورونا کی ٹیکہ کاری مہم میں تیزی آنے کے قوی امکانات ہیں۔
مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے منگل کے روز پریس کانفرنس سے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو صرف اپنا رجسٹریشن نمبر بتانا ہوگا اور انہیں آسانی سے سرکاری یا پرائیویٹ مراکز سے ویکسین حاصل ہو جائے گی۔ خیال رہے کہ تاحال ملک میں طبی اہلکاروں، کورونا جنگجوؤں کے علاوہ 60 سال سے زیادہ عمر والے اور 45 سال سے زیادہ ان افراد کو، جو مہلک بیماری میں مبتلا ہیں، کو ٹیکہ دیا جا رہا ہے۔پریس کانفرنس سے پرکاش جاوڈیکر نے بتایا کہ اب تک ملک میں 4.85 کروڑ افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے، جبکہ کورونا کی دوسری خوراک بھی تقریباً 80 لاکھ افراد کو دی گئی ہے۔ پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ صرف گزشتہ روز ہی ملک میں 32 لاکھ افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی۔
مرکزی وزیر نے کورونا ویکسین کی کمی کے سوال پر کہا کہ ملک میں مناسب تعداد میں ٹیکے دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مرحلہ وار طریقے سے لوگوں کو ویکسین دینے کا فیصلہ لیاہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین کیلئے 45 سال سے زیادہ تمام لوگ فی الحال رجسٹریشن کروائیں اور کورونا کا ٹیکہ لگوائیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ابھی ملک میں کئی اور کورونا کے ٹیکے ٹرائل کے مرحلے میں ہیں اور انہیں جلد ہی منظوری مل سکتی ہے۔
خیال رہے کہ کورونا ویکسین لگانے کا دائرہ بڑھانے کا یہ فیصلہ ایسے وقت لیا گیا ہے، جب ملک میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔ کچھ عرصہ پہلے ملک میں روزانہ اوسطاً 15 ہزار نئے کیس آ رہے تھے، لیکن گزشتہ ایک ہفتہ میں صورت حال تبدیل ہو گئی ہے اور اب روزانہ 40 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ہندوستان میں کورونا کیسز بڑھنے کی وجہ سے لگاتار مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ ٹیکہ کاری کے دائرہ کار اور رفتار کو بڑھانا پڑے گا اور اب حکومت نے بھی اس مطالبہ کو قبول کر لیا ہے۔ ملک میں تقریباً ہزاروں سرکاری اور نجی مراکز پر کورونا کے ٹیکے لگائے جا رہے ہیں۔ سرکاری مراکز میں ویکسین کی خوراک مفت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ نجی مراکز پر 250 روپے فی خوراک کی شرح سے دستیاب کرائی جا رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS