حیدرآباد: امریکہ سے بیٹے کی واپسی کی خبر کے منتظر والدین کو اس کی موت کی خبر ملی۔ تلنگانہ کے کریم نگر ضلع کے حضورآباد کے رہنے والے 29سالہ نکھل راو کی موت بیماری کی وجہ سے ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق حضورآباد کی ودیانگر کالونی کے جگن موہن راو کا اکلوتا بیٹا 29سالہ نکھل راو ایم ایس کی تعلیم کے لئے امریکہ گیا تھا جہاں تعلیم کی تکمیل کے بعد وہ سافٹ ویر انجینئر کے طورپر کام کررہا تھا۔ اس کے والدین نے اس سے باربار خواہش کی تھی کہ وہ اپنے آبائی مقام واپس آجائے تاہم اس میں اس کو بعض مسائل کی وجہ سے تاخیر ہوئی۔اسی دوران اس ماہ کی 17تاریخ کو اس کی صحت خراب ہوگئی جس کے نتیجہ میں اس کی موت ہوگئی۔امریکہ میں موجود رشتہ داروں کے ذریعہ بیٹے کی اطلاع اس کے والدین کو ملی جس کی وجہ سے وہ صدمہ سے دوچار ہوگئے۔اس کے غمزدہ والدین جو اس خبر کے ملنے کے بعد سے سکتہ کا شکار ہیں نے اپنے بیٹے کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے تھے کہ امریکہ سے واپسی پر اس کی شادی کی جائے۔انہیں امید تھی کہ ان کے بیٹے کی جلد واپسی کی خبر ملے گی تاہم اس کی موت کی خبر نے ان کو نڈھال کردیا۔اس کے رشتہ داروں نے کہا کہ اندرون ایک ہفتہ نکھل کی لاش اس کے آبائی مقام لائی جائے گی۔
امریکہ سے بیٹے کی واپسی کی خبر کے منتظر والدین کو اس کی موت کی خبرملی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS