رمضان میں فلسطینیوں کو مسجد الاقصیٰ میں عبادت کی اجازت ملے

0

واشنگٹن، (یواین آئی): امریکہ نے اسرائیل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ماہِ رمضان کے دوران مسلمانوں کو یروشلم میں مسجد اقصیٰ کے احاطے میں عبادت کرنے کی اجازت دے۔ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان میتھیو ملر نے صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم اسرائیل پر زور دیتے رہے ہیں کہ وہ ماضی کے طریقوں پر عمل کرتے ہوئے رمضان کے دوران پرامن عبادت گزاروں کو مسجد تک رسائی کی اجازت دے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ نہ صرف اخلاقی طور پر درست اقدام ہے اور یہ صرف لوگوں کو مذہبی آزادی دینے کے بارے میں نہیں ہے جس کے وہ مستحق ہیں اور ان کا حق ہے بلکہ یہ اسرائیل کی سلامتی کے لیے بھی اہم ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ ’مغربی کنارے میں کشیدگی کو بڑھانا اسرائیل کے سلامتی کے مفاد میں نہیں ہے‘۔اسرائیل اس بات پر غور کر رہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران یروشلم میں عبادت کا انتظام کیسے کیا جائے۔ دوسری جانب حماس نے رمضان المبارک کے آغاز کیلئے بڑی تعداد میں لوگوں سے مسجد اقصیٰ میں جمع ہونے کی درخواست کی ہے۔حماس کے چیف اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ ہم یروشلم، مغربی کنارے میں اپنے لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ رمضان کے بابرکت مہینے کے پہلے دن سے اجتماعی طور پر یا انفرادی طور پر مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کریں اور ناکہ بندی کو ختم کرنے میں مدد کریں۔ گزشتہ ہفتے اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر نے کہا تھا کہ مغربی کنارے کے فلسطینیوں کو رمضان کے دوران نماز ادا کرنے کیلئے یروشلم میں داخلے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم خطرہ مول نہیں لے سکتے، انہوں نے مزید کہا کہ ہم غزہ میں خواتین اور بچوں کو یرغمال نہیں بنا سکتے اور حماس کو ٹیمپل ماؤنٹ پر جشن منانے کی اجازت نہیں دے سکتے‘۔یاد رہے کہ 7اکتوبر سے اسرائیلی بمباری کے دوران کم از کم 29ہزار 878فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جبکہ 70ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

میتھیوملر کا کہنا ہے کہ ہم فلسطینیوں کی خودمختاری کے حق کو تسلیم کرتے ہیں۔ میتھیوملر سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ فلسطین کو ریاست تسلیم کرتے ہیں؟ جس پر اُن کا کہنا تھا کہ ہم فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم نہیں کرتے۔

مزید پڑھیں: مسجد نبویؐ رمضان المبارک میں لاکھوں زائرین کے استقبال کیلئے پوری طرح تیار: عبدالرحمن السدیس

صحافی نے سوال کیا کہ کیا ہم چین اور تائیوان کاموازنہ فلسطین سے کرسکتے ہیں؟، امریکہ تائیوان کوچین کے ساتھ ہونے کے باوجود خودمختار حیثیت دیتا ہے، کیایہی درجہ فلسطینیوں کوبھی حاصل ہے؟۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا اس پر کہنا تھا کہ ہم فلسطین کوریاست تسلیم نہیں کرتے، فلسطین میں ریاست قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS