راولپنڈی (ایجنسی):انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ ہم نیوزی لینڈ کے سکیورٹی الرٹ کی وجہ سے دورہ پاکستان سے دستبرداری کے فیصلے سے آگاہ ہیں، ہم اپنی سکیورٹی ٹیم کے ساتھ رابطے میں ہیں جو صورتحال کو مکمل طور پر سمجھنے کے لیے پاکستان میں موجود ہیں۔ ای سی بی نے کہا کہ بورڈ اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں فیصلہ کرے گا کہ آیا ہمارا دورہ جاری رہنا چاہیے۔ دوسری جانب برطانوی میڈیا نے بھی نیوزی لینڈ کے فیصلے کےبعد انگلش ٹیم کے دورہ پاکستان کو مشکوک قرار دیا ہے۔ واضح رہےکہ انگلینڈ نے آئندہ ماہ دو ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔
نیوزی لینڈ کا پاکستان دورے منسوخ ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ دورے کے منسوخ ہونے کے بعد کافی ناراض نظرآئے اور ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ’کس دنیا میں رہ رہا ہے نیوزی لینڈ‘۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے شائقین اور کھلاڑیوں کے لیے آج کے دن کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ ‘سیکورٹی کے خطرے پر یکطرفہ انداز اپناتے ہوئے دورہ منسوخ کرنا بہت مایوس کن ہے خاص طور پر جب آپ یہ شیئر نہ کریں’۔
رمیز راجہ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں نیوزی لینڈ بورڈ پر کڑی تنقید کی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ‘سکیورٹی کے خطرے کا کہہ کر یکطرفہ طور پر دورہ ختم کرنا کافی پریشان کن ہے۔ خاص کر جب یہ (سکیورٹی الرٹ) شیئر نہ کیا جائے۔ نیوزی لینڈ کس دنیا میں رہ رہا ہے؟ نیوزی لینڈ سے اب بات آئی سی سی میں ہوگی۔’
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘سیریز پاکستان کرکٹ کے لاکھوں شائقین کے لیے مسکراہٹیں واپس لا سکتی تھی’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘مجھے اپنی سکیورٹی ایجنسیوں کی صلاحیتوں اور ساکھ پر پورا بھروسہ ہے، وہ ہمارا فخر ہیں اور ہمیشہ رہیں گے’۔
سابق باؤلر عمر گل نے اسے کرکٹ کے کھیل کے لیے افسوسناک دن قرار دیا اور کہا کہ ‘جہاں پاکستان کرکٹ کی بحالی کی راہ پر گامزن ہے وہیں ایسے موقع پر یہ بدقسمت موڑ آیا ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان کی سیکیورٹی ایجنسی دنیا کی بہترین سیکورٹی ایجنسیوں میں سے ایک ہے اور جب آپ کو اس قسم کی سیکورٹی ملتی ہے تو آپ محفوظ ہوتے ہیں’۔
پاکستان کا نیوزی لینڈ دورہ منسوخ،کرکٹ کی دنیا میں شدید ردعمل
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS