خطے کی ترقی کیلئے امن واستحکام ضروری، پاکستانی ہائی کمیشن کا مسئلہ کے حل کیلئے بات چیت پر زور
نئی دہلی: پاکستان ہائی کمیشن کے انچارج آفتاب حسن خان نے ایک بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنا چاہتا ہے اور یہ صرف امن سے ہی ممکن ہوسکتا ہے۔ معاملات کو بات چیت کے ذریعہ حل کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان اور پاکستان کو خطے میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے تمام باہمی امور خصوصاً جموں و کشمیر کے مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہئے۔ واضح رہے کہ پاکستان ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی تقریبات کے موقع پر صحافیوں کو ایک بیان دیتے ہوئے مشن کے سربراہ آفتاب حسن خان نے کہاکہ میں اس بات پر زور دینا چاہتا ہوں کہ تمام ممالک کی ترقی کیلئے خطے میں امن و استحکام ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک خصوصاً ہندوستان کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پائیدار امن اور استحکام کیلئے یہ ضروری ہے کہ ہم تمام باہمی امور کو بات چیت کے ذریعے حل کریں، خاص طور پر جموں و کشمیر کا بنیادی مسئلہ ، جو اقوام متحدہ میں زیر التوا ہے۔اس موقع پر خان نے صحافیوں کے کسی سوال کا جواب نہیں دیا۔ ان کے بیانات سے پہلے دونوں ممالک نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ وہ سرحدپر فائرنگ کو روکنے‘ پر سختی سے عمل پیرا ہوں گے۔ رواں ماہ کے آغاز میں سکریٹری خارجہ ہرش وردھن شرنگلا نے کہا تھا کہ ہندوستان پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے اور اگر کوئی مسئلہ ہے تو اسے دو طرفہ طریقے سے حل کرنے کیلئے پرعزم ہے، لیکن بامقصد بات چیت صرف ایک سازگار ماحول میں ہوسکتی ہے اور اس ماحول کو پیدا کیا جاسکتا ہے۔
پاکستان پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS