پاکستان نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے فوری عالمی امداد طلب کی

0

اقوام متحدہ(یو این آئی) : پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ملک میں تباہ کن سیلاب کے بحران کے نتائج سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی حمایت کی درخواست کی ہے ۔مسٹر شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے عام مباحثے میں کہاکہ ہم جس صدمے سے گزر رہے ہیں یا ملک کا چہرہ کس طرح بدل گیا ہے ، اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ چالیس دن اور 40 راتوں کے ہولناک سیلاب نے زبردست تباہی مچائی، صدیوں کے موسم کے ریکارڈ کوتوڑدیا، اس تباہی اور اس کے انتظام کے بارے میں جو کچھ بھی ہم جانتے تھے اسے چیلنج کیا۔ اقوام متحدہ کے مطابق سیلاب کی تباہ کاریوں سے تقریباً 80 لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ اب بھی بے گھر افراد کو ضروری امدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے ۔ سیلاب سے متعلقہ واقعات میں اب تک 552بچوں سمیت 1500سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق 3.3کروڑ افراد اب صحت کے خطرات سے دوچار ہیں۔ ملک بھر میں 13 ہزار کلومیٹر سڑکیں تباہ ہو چکی ہیں، 10 لاکھ مکانات کو نقصان پہنچا ہے ، کئی لاکھ مالیت کی املاک تباہ ہو چکی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 40لاکھ ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہو گئی ہیں۔مسٹرشریف نے کہاکہ پاکستان نے گلوبل وارمنگ کے اثرات کی اتنی سخت اور تباہ کن مثال کبھی نہیں دیکھی۔ پاکستان میں زندگی ہمیشہ کے لیے بدل گئی ہے ۔اس ماہ کے شروع میں پاکستان کے دورے کے موقع پر اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے کہا تھا کہ انہوں نے اس پیمانے پر آب و ہوا کا قتل عام کبھی نہیں دیکھا۔ انہوں نے پاکستان کی مدد کے لیے فوری مالی امداد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف یکجہتی کا سوال نہیں ہے بلکہ انصاف کا بھی سوال ہے ۔مسٹرشریف نے کہا کہ اس وقت ترجیح تیز رفتار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانا اور لاکھوں لوگوں کو غربت سے نکالنا ہے جس کے لیے ایک مستحکم بیرونی ماحول کی ضرورت ہوتی ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS