پاکستان: پی ایم ایل-این کے رہنماؤں کا قبل از وقت انتخابات نہ کرانے کا فیصلہ

0

اسلام آباد:(یو این آئی) پاکستان مسلم لیگ (پی ایم ایل-این) کے رہنماؤں نے ملک میں قبل از وقت انتخابات نہ کرانے کا فیصلہ کیا اور معاشی فیصلے کرکے عوام کو معاشی راحت دینے پر توجہ مرکوز کی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے درمیان لندن میں ہونے والی ملاقات میں پی ایم ایل-این کے خواجہ آصف، مفتاح اسماعیل، مریم اورنگزیب، عطا ترار، رانا ثناء اللہ، اسحاق ڈار، ایاز صادق سمیت دیگر سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔اطلاعات کے مطابق اس میٹنگ میں نواز شریف کو پاکستان میں سماجی، معاشی اور سیاسی صورتحال کے بارے میں بتایاگیا۔
مسٹرنواز شریف نے پارٹی کے تمام لیڈران سے قبل از وقت انتخابات کرانے سمیت مختلف امور پر تجاویز طلب کیں جس پر تمام رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ پی ایم ایل این کو باقی ماندہ مدت کے لیے معاشی ایجنڈے پر عمل درآمد کرنا چاہیے اور پھر اتحادیوں کی مشاورت سے اگلے انتخابات کا اعلان کرنا چاہیے۔دریں اثناء مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے 3 اپریل سے 12 اپریل کے درمیان آئینی خلاف ورزیوں پر بات ہوئی جس کی مثال پنجاب میں اب بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ حتمی فیصلہ دوسرے اور آخری اجلاس میں کیا جائے گا، جو جمعرات کو منعقد ہوگا اور پھر اس کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS