اکسیجن اموات :بی جے پی کے رکن اسمبلی نے ہی مرکزی سرکار کے دعویٰ پر اٹھائے سوال

0

ہردوئی، (پی ٹی آئی) : ملک میں آکسیجن کی کمی سے ایک بھی موت نہیں ہونے کے مرکزی سرکار کے پارلیمنٹ میں دیے گئے بیان پر پیدا ہونے والے تنازع کے درمیان ہردوئی ضلع کے گوپامؤ حلقہ سے بی جے پی کے رکن اسمبلی شیام پرکاش نے آکسیجن کی کمی سے سیکڑوں لوگوں کے مارے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔
گوپامؤ سے بی جے پی کے رکن اسمبلی شیام پرکاش نے گزشتہ اتوار کو مقامی صحافی آنند مشرا کی فیس بک وال پر لکھا کہ ’آپ نے سچ بولا ہے۔ میں آپ سے متفق ہوں۔ آکسیجن کی کمی سے سیکڑوں لوگ تڑپ تڑپ کر مر گئے۔ رکن اسمبلی راج کمار اگروال سمیت لاکھوں کنبوں کا درد کسی کو دکھائی نہیں پڑتا۔‘ سنڈیلہ سے بی جے پی کے رکن اسمبلی راج کمار اگروال کے بیٹے آشیش کی لکھنؤ کے ایک اسپتال میں حال میں کووڈ19- سے موت ہوئی تھی۔ اگروال نے الزام لگایا تھا کہ آکسیجن کی کمی کی وجہ سے ان کے بیٹے کی موت ہوئی ہے۔ دراصل صحافی مشرا نے کچھ ارکان اسمبلی کے وہ خطوط اخبار میں شائع کیے تھے جن میں ان کے حلقوں میں آکسیجن کی کمی کا ذکر ہوا تھا۔ اسی اخبار کٹنگ کو انہوں نے اپنے فیس بک وال پر پوسٹ کیا تھا۔ اسی پوسٹ پر جا کر بی جے پی کے رکن اسمبلی شیام پرکاش نے وہ تبصرہ کیا۔
جب رکن اسمبلی شیام پرکاش سے اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ تبصرہ صرف اترپردیش کے بارے میں نہیں بلکہ کووڈ19- کی دوسری لہر کے دوران پورے ملک میں پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں لکھا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS