دہلی میں کورونا ہوا بے قابو،3ہزار سے زائد نئے مریض

0

نئی دہلی (ایجنسیاں) : دہلی میں کورونا کے معاملوں میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے۔ اتوار کو تقریباً 3200 نئے مریض ملنے کے بعد یہاں متاثرین کی کل تعداد بڑھ کر 14.54لاکھ کے قریب پہنچ گئی۔ اس کے ساتھ ہی پازیٹو شرح بھی بڑھ کر 4.42فیصد پر پہنچ گئی۔ وہیں اگر سرگرم معاملوں پر نظر ڈالیں تو اس میں بھی اضافہ ہوکر 8400 کے قریب پہنچ گیا۔ دہلی سرکار کے محکمہ صحت کی جانب سے اتوار کو جاری ہیلتھ بلیٹن کے مطابق 24گھنٹے میں جہاں کورونا کے 3194مریض ملے ہیں، وہیں آج اس انفیکشن سے ایک مریض کی موت بھی ہوگئی ہے۔ دہلی حکومت نے قومی راجدھانی میں 159مراکز کو نامزد کیا ہے، جہاں پیر سے 15سے 18سال کی عمر کے بچوں کیلئے کووڈ19-کے خلاف خصوصی ویکسی نیشن مہم شروع ہوگی۔ دوسری جانب صحت و خاندانی فلاح وبہبود کے مرکزی وزیر منسکھ منڈاویا نے اتوار کو پولنگ والی ریاستوں میں جلد کووڈ ویکسی نیشن کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اومیکرون سے نمٹنے کیلئے تمام تیاریاں کی جانی چاہئے۔ تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کے وزرائے صحت اور ہیلتھ سکریٹریوں کے ساتھ ایک آن لائن جائزہ میٹنگ میں مسٹرمنڈاویا نے کہا کہ کووڈ کے خلاف ایک مضبوط لڑائی لڑی گئی ہے اور ان تجربات کا استعمال اومیکرون ویرینٹ کے خلاف کوششوں پر دوبارہ توجہ مرکوز کرنے کیلئے کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت صحت کی سہولیات کے بنیادی ڈھانچے کیلئے مالی امداد فراہم کر رہی ہے ، اس کا استعمال ہونا چاہیے۔ مسٹر منڈاویا نے کہا کہ کووڈ ٹیسٹ، ٹریک، علاج، ویکسی نیشن اور مناسب رویے کا استعمال کرتے ہوئے لوگوں کا ضلع کے لحاظ سے اندازہ لگایا جانا چاہیے اور کووڈ کے ٹیکے لگائے جانے چاہیے۔ انہوں نے اتراکھنڈ، اتر پردیش، پنجاب، گوا اور منی پور میں ویکسی نیشن کی تکمیل پر زور دیا اور کہا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر اس کا جائزہ لیا جانا چاہئے۔جائزہ اجلاس میں اومیکرون کے بڑھتے ہوئے معاملوں اور 15سے18سال کی عمر کے گروپ کیلئے ویکسی نیشن اور دیگر زمروں کیلئے اضافی خوراکوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوسری جانب ملک میں گزشتہ24گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 27,553 نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 3,48,89,132 ہو گئی ہے ۔ اسی عرصے کے دوران وبا سے مزید 284 مریضوں کی موت سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 81 ہزار 770 ہو گئی ہے ۔
اتوار کی صبح صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اب تک ملک کی 23 ریاستوں میں ہلاکت خیز کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے کل 1,525 کیسز درج کیے گئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 9,249 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے ساتھ ہی اس جان لیوا وبا سے چھٹکارہ حاصل کرنے والوں کی تعداد 3,42,84,561ہو گئی ہے۔ اسی عرصے کے دوران ایکٹیو کیسز18,020کے اضافے کی وجہ سے یہ تعداد بڑھ کر 122801 ہو گئی ہے ۔وہیں ملک میں جان لیوا کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے کی شرح 98.27 فیصد، ایکٹیو کیسز کی شرح 0.35 فیصد اور اموات کی شرح 1.38 فیصد ہے۔ اس وقت ملک کی ریاست کیرالہ میں سب سے زیادہ ایکٹیو کیسز ہیں۔ یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایکٹیو کیسز میں 510 عدد کی کمی آنے سے مجموعی تعداد 19596رہ گئی ہے۔ ریاست میں 2704 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے ساتھ ہی کورونا سے شفایاب ہونے والے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 51,81,981 ہو گئی ہے۔ اس دوران مزید241مریضوں کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 48,035 ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریاست کیرالہ میں ہلاکت خیز کورونا وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔اسی عرصے کے دوران ریاست مہاراشٹر میں ایک بارپھر ایکٹیو کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔
اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں یہاں یہ کیسز 7,718 عدد کے اضافے کے ساتھ ان کی مجموعی تعداد بڑھ کر 35,917 ہو گئی ہے ، جبکہ مزید سات مریضوں کی موت سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1,41,533 ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی 1445 مزید مریض کورونا سے شفایاب ہونے کے ساتھ ان کی کل تعداد 65,10,541 ہو گئی ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS