جمہوری اقدار کا تحفظ ہماری اوّلین ترجیح،ملک کے مفاد کیلئے اتحادضروری :سونیاگاندھی

0

نئی دہلی (ایجنسیاں) : کانگریس صدر سونیاگاندھی نے جمعہ کو اپوزیشن پارٹیوں سے 2024کے لوک سبھا انتخابات کیلئے متحد ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے آئینی التزامات کے اقدار میں یقین رکھنے والی سرکار کی تشکیل کیلئے اپوزیشن پارٹیوں کو اپنی مجبوریوں سے اوپر اٹھنا ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ اس وقت اپوزیشن پارٹیوںکا متحد ہونا ملک کے مفاد میں ہے اور کانگریس اپنی طرف سے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔
کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے 19اپوزیشن پارٹیوں کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے آج کہا کہ ملک کے عوام مودی حکومت سے آزادی چاہتے ہیں، لہٰذا اپوزیشن پارٹیوں کو متحد ہو کر 2024کے لوک سبھا الیکشن پر توجہ دینی ہے۔اس میٹنگ میں مودی سرکار کی پالیسیوں پر بھی بات چیت کی گئی ہے۔ اس دوران سرکار کے خلاف20 سے 30ستمبر تک ملک بھر میں مظاہرہ کرنے کی تجویز پاس کی گئی۔
محترمہ گاندھی نے اپوزیشن کے اہم رہنماؤں اور وزرائے اعلیٰ سے ورچوئل میٹنگ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کو 2024کے لوک سبھا الیکشن کے منصوبے پر منظم طور پر اور واحد ایجنڈے پر کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کی اپنی کچھ رکاوٹیں ہو سکتی ہیں، لیکن چیلنج جمہوری اقدار کا تحفظ ہے، اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہے اور متحد ہو کر ملک کے عوام کو آزادی دلانی ہے۔ محترمہ گاندھی نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد سے سیاسی جنگ لڑنا ہے۔ پارلیمانی سیشن کے دوران، جس طرح سے ہر کسی نے ایک ہو کر اتحاد کا ثبوت دیا ہے، اسی اتحاد سے پارلیمنٹ کے باہر بھی اس حکومت کی پالیسی کے خلاف لڑنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے اتحاد کے سبب پارلیمنٹ کے مانسون سیشن میں آئین ترمیمی بل پاس ہو سکا ہے۔
محترمہ گاندھی نے کہا کہ خواہ اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ ان کی تقریباً ایک سال سے کوئی رسمی میٹنگ نہیں ہوئی ہے، پھر بھی اپوزیشن کی تمام پارٹیوں نے مل کر حکومت پر وقتاً فوقتاً دباؤ بنایا ہے اور اس کے مثبت نتائج بھی برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں برس 12مئی کو وزیراعظم سے مشترکہ طور پر کووڈ19-وبا کے خلاف ٹیکہ کاری کرنے اور کاشت کاری سے متعلق تینوں قوانین کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے دخل کے سبب ٹیکہ کاری کی خرید کی بابت حکومت نے پالیسی میں تبدیلی کی اور اس کا فائدہ عوام کو ہوا۔ کانگریس کی صدر نے کہا کہ گزشتہ 23مئی کو بھی اپوزیشن پارٹیوں نے مشترکہ طور پر بیان جاری کیا تھا، جس میں کسان مورچہ کے ساتھ حکومت سے بات کرنے کی اپیل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے کئی مسائل شرد پوار جی نے بعد میں وزیرداخلہ کے ساتھ بات چیت میں اٹھائے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS