تیل کی منڈیوں کے استحکام میں اوپیک پلس معاہدے کا کردار کلیدی

0

ریاض (یواین آئی) : سعودی عرب کی کابینہ کا کہنا ہے کہ تیل کی منڈیوں کے استحکام میں اوپیک پلس معاہدے کا کردار کلیدی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کی کابینہ کا اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت ہوا۔ سعودی کابینہ نے مزید کہا کہ یوکرین بحران پرُامن وسائل کے ذریعے حل کیا جانا ضروری ہے ۔ سعودی ایندھن پیداوار کے مراکز پر حوثی حملے جاری رہے تو تیل کی منڈی کی رسد میں کمی کا ذمہ دار سعودی عرب نہیں ہوگا۔ سعودی کابینہ نے کہا کہ دنیا کو سمجھنا ہوگا کہ حوثیوں کو سعودی تیل کی تنصیبات پر حملوں کے لیے میزائل اور ڈرون دینے کے نتائج کتنے سنگین ہوسکتے ہیں۔ عالمی برادری کو تیل رسد کے تحفظ کے لئے اپنی ذمہ داری اور حوثیوں کے خلاف ٹھوس اقدام کرنا ہوگا۔ سعودی کابینہ نے 15مارچ کو اسلاموفوبیا کے خاتمے کا عالمی دن منانے سے متعلق اقوام متحدہ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ سعودی عرب ہر سطح پر اعتدال پسندی اور رواداری کے کلچر کے فروغ اور تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی حوصلہ افزائی کا حامی ہے اور سعودی عرب علاقائی و بین الاقوامی تنظیموں اور برادر و دوست ملکوں کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS