زرعی قوانین کے خلاف جاری مظاہرہ،پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں پنجہ ہوا مضبوط

0
Image:First Post

چنڈی گڑھ: زرعی قوانین کے خلاف جاری مظاہرہ کے درمیان پنجاب میں بلدیاتی انتخاب کے نتائج آرہے ہیں۔ اب تک کے نتائج سے کانگریس کو جہاں سکون حاصل ہوا ہے وہیں بی جے پی کی نیند حرام ہوگئی ہے۔ پنجاب بلدیاتی انتخاب کے نتائج میں کانگریس زبردست جیت کی جانب بڑھتی نظر آرہی ہے۔ وہیں بی جے پی اور شیرومنی اکالی دل کا مظاہرہ کافی خراب نظر آرہا ہے۔ اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخاب سے قبل ایک امتحان کے طور پر مقامی بلدیات الیکشن کیلئے آج ووٹوں کی گنتی ہورہی ہے۔ صبح 8 بجے سے ہی گنتی جاری ہے۔ دراصل پنجاب میں 14 فروری کو 117 مقامی بلدیات پر انتخاب ہوئے تھے جس میں 109 میونسپلٹی کونسل اور ٹائون پنچایتیں ہیں۔ وہیں 8 میونسپل کارپوریشن شامل ہیں۔ میونسپل کارپوریشن کے ابوہر، بھٹنڈا، باٹلا، کپورتھلا، موہالی، ہوشیار پور، پٹھان اور موگا ،109 شہری میونسپلٹی کونسلوں کے 2252 وارڈوں کا ریزلٹ آج شام تک صاف ہوجائے گا ۔ فی الحال شروعاتی نتیجوں سے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ بی جے پی کو زرعی قوانین سے نقصان ہوا ہے۔ اس انتخاب میں کانگریس کمال کرتی نظر آر ہی ہے۔ ریاست میں بلدیاتی انتخاب کی کائونٹنگ شروع ہوچکی ہے۔ 71 فیصد سے زیادہ لوگوں نے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔ منگل کے روز بھی پاٹن اور سمانا ٹائون پریشد کے تین بوتھوں میں پولنگ ہوئی تھی۔ دو بوتھوں پر دوبارہ پولنگ کی ہدایت دینے کے بعد موہالی میونسپل کارپوریشن کیلئے کائونٹنگ جمعرات کو ہوگی۔ اس انتخاب میں کل 9222 امیدوار تھے،جو سبھی اہم پارٹیوں خاص کر عام آدمی پارٹی اور شیرومنی اکالی دل کے ہیں۔ گزشتہ برس مرکز کے ذریعہ زرعی قوانین پر این ڈی اے کے ساتھ جانے کے بعد ایس اے ڈی اور بی جے پی نے الگ الگ انتخاب لڑے۔ بھٹنڈا میں کانگریس پارٹی نے بڑی جیت درج کی ہے۔ کانگریس لیڈر منپریت سنگھ نے ٹوئٹ کرکے یہ جانکاری دی ہے۔یہاںپر 53 سال بعد کانگریس نے کرشمہ کر دکھایا ہے۔ اس بار بھٹنڈا میں کانگریس پارٹی کا میئر ہوگا۔ اس سے قبل یہاں پر شیرومنی اکالی دل کا قبضہ تھا۔ پٹھان میونسپل کارپوریشن میں کانگریس اب تک 30 سیٹوں پر جیت درج کرچکی ہے۔ وہیں بی جے پی کو یہاں صرف 9 سیٹوں پر سبقت ملی ۔ وہیں ایک سیٹ پر آزاد امیدوار کی جیت ہوئی ہے۔ فیروزپور کی مدھکی نگر پنچایت میں کانگریس پانچ سیٹوں پر قبضہ کرنے میں کامیاب رہی۔ وہیں اکالی دل کو 8 سیٹوں پر جیت ملی۔
پنجاب سنگرور ضلع کے 5 وارڈ امر گڑھ، لونگ وال، سونام، احمد گڑھ اور دھوری کے نتائج بھی آگئے ہیں۔ ان جگہوں سے کانگریس نے 49 سیٹوں پر جیت درج کی ہے۔ شیرومنی اکالی دل کو 6 سیٹیں ملی ہیں۔ چار سیٹوں پر عام آدمی پارٹی کامیاب رہی جبکہ 15 سیٹوں پر آزاد امیدواروں نے جیت درج کی۔ بی جے پی یہاں بھی اپنا کھاتا نہیں کھول پائی۔ کپورتھلاکارپوریشن کیلئے 50 وارڈ وں میں سے 49 سیٹوں کے نتائج آچکے ہیں۔ کانگریس نے یہاں پر شاندارجیت درج کی ہے۔ کانگریس کو یہاں پر43 وارڈوں میں جیت حاصل ہوئی ہے۔ وہیں اکالی دل کو تین سیٹوں پر کامیابی ملی ہے جبکہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی یہاں بھی کھاتا نہیں کھول سکیں۔ گرداس پور میں بھی تیزی سے بلدیاتی انتخاب کے ریزلٹ آرہے ہیں۔ کل 29 وارڈ ہیں جن میں سے ابھی تک 15 پر کانگریس پارٹی جیت درج کرچکی ہے جبکہ دیگر کسی پارٹی کا کھاتا بھی نہیں کھل پایا ہے۔ پنجاب کے برنالا میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر 2 اور 3 پر آزادامیدواروں نے جیت درج کی ہے جبکہ وارڈنمبر1 پر اکالی دل کے حامی امیدوار نے جیت حاصل کی ہے۔ وہیں وارڈ نمبر 4 کانگریس کے حصہ میں آئی اور 5 پر اکالی دل نے قبضہ جمایا۔ وارڈ نمبر 6 کانگریس اور وارڈ7 پر اکالی دل حامیوں نے جیت درج کی۔سلطان پور لودھی میں کانگریس کی طرف رجحان نظر آرہا ہے۔ وہیں پٹیالہ کے راجپورا شہری کونسل میں کانگریس کی سبقت نظر آرہی ہے۔ امرتسر کے اجنالا تحصیل میں اکالی دل بڑھتی ہوئی نظر آرہی ہے۔یہاں 5 1وارڈوں میں سے 8 اکالی اور 7 کانگریس کے کھاتے میں گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS