نئی دہلی:(یو این آئی) شعبہ اردو جامعہ ملیہ اسلامیہ کی جانب سے ممتاز ادیب و شعر اء سلطان اختر، انجم عثمانی، مشرف عالم ذوقی، مناظر عاشق ہرگانوی اور سید نورالہدیٰ کے سانحہ اتحال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شعبہ اردو کے اساتذ ہ اور پروفیسر خواجہ اکرام الدین نے کہا کہ پے در پے ہمارے درمیان ممتاز ادیبوں، شاعروں، افسانہ نگاروں اور ناول نگاروں کا اٹھ رہے ہیں اور یہ اردو دنیا کا عظیم خسارہ ہے۔
اس موقع پر پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین، پروفیسر شہپر رسول، پروفیسر شہزاد انجم، پروفیسر احمد محفوظ، پروفیسر کوثر مظہری اور پروفیسر خالد جاوید نے اپنے تعزیتی کلمات میں انتہائی رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہ جانے یہ وبا ہم سے کیسے کیسے گوہرِ بے بہا چھینے گی۔ ان تمام شخصیات نے شاعری، فکشن، صحافت اور تحقیق و تنقید میں قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔ یہ ادیب و شعرا شخصی اور اخلاقی طور پر بھی ہمیں بہت دنوں تک یاد آئیں گے۔
واضح رہے کہ شعبہئ اردو جامعہ ملیہ اسلامیہ کی جانب سے عظیم آباد پٹنہ میں مقیم بزرگ و ممتاز شاعر سلطان اختر، عہد حاضر کے معروف فکشن نگار اور صحافی انجم عثمانی، دور حاضر کے ممتاز ناول نگار اور بے باک صحافی مشرف عالم ذوقی، کثیرالتصانیف مصنف پروفیسر مناظر عاشق ہرگانوی اور اردو میں تاریخی، سائنسی اور تہذیبی مسائل پر قابل تحسین کتابوں کے مصنف سید نورالہدیٰ کے سانحہئ ارتحال پر تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیاہے۔
تعزیتی جلسے میں پروفیسر عبد الرشید، پروفیسر ندیم احمد، ڈاکٹر سرورالہدیٰ، ڈاکٹر شاہ عالم، ڈاکٹر خالد مبشر، ڈاکٹر مشیر احمد، ڈاکٹر سید تنویر حسین، ڈاکٹر محمد مقیم، ڈاکٹر عادل حیات، ڈاکٹر جاوید حسن، ڈاکٹر ثاقب عمران اور ڈاکٹر ساجد ذکی فہمی نے بھی مرحومین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔
شعبہ اردو جامعہ ملیہ اسلامیہ کی جانب سے ممتاز ادیب و شعر اء سلطان اختر، انجم عثمانی، مشرف عالم ذوقی، مناظر عاشق ہرگانوی اور سید نورالہدیٰ کو خراج عقیدت
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS