اترپردیش قانون ساز اسمبلی کی گریجویشن اور ٹیچر زمرے کی 11سیٹوں کے لئے دو سالہ انتخابات کے لئے آج نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ان سیٹوں کے لئے یکم دسمبر کوووٹ ڈالے جائیں گے۔
اترپردیش قانون ساز اسمبلی کے پانچ گریجویشن اور چھ ٹیچر زمرے کے تحت منتخب اراکین اسمبلی کا میعاد کار اس سال 6مئی کو ختم ہوگیا تھا۔آج الیکشن کمیشن نے ان سیٹوں پر انتخابات کا اعلان کیا ہے۔ کورونا وبا کی وجہ سے ان انتخابات میں 6مہینے کی تاخیر ہوئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مابق آج نوٹیفکیشن کے ساتھ نامزدگی کے سلسلے کا آغاز ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ 12نومبر تک پرچہ نامزدگی داخل کئے جاسکیں گے۔13نومبر کو دستاویزات کی جانچ ہوگی او ر 17نومبر تک نام واپس لئے جاسکیں گے۔یکم دسمبر کو ووٹنگ صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک ہوگی۔ ووٹوں کی شماریابی 3دسمبر کوہوگی۔
جن سیٹوں پر انتخابات ہونے ہیں ان میں لکھنؤ ،وارانسی،آگرہ،میرٹھ ڈویژن،الہ آباد۔جھانسی گریجویٹ انتخابی حلقے اور لکھنؤ ،وارانسی، آگرہ، میرٹھ،بریلی۔مرادآباد ،گورکھپور-فیض آباد ڈویژن ٹیچر زمرے کے انتخابی حلقے شامل ہیں۔
اس درمیان کانگریس و سماج وادی پارٹی نے قانون ساز اسمبلی کے اس اہم انتخاب کے لئے اپنے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔کانگریس نے راجیش دویدی(آگرہ گریجویٹ)،جتیندر کمار(ٹیچر،میرٹھ)اجے کمار سنگھ(الہ آباد-جھانسی گریجویٹ)برجیش کمار سنگھ(گریجویٹ لکھنؤ)سنجیو سنگھ (وارانسی گریجویٹ)ناگیندر دت ترپاٹھی(گورکھپور۔فیض آباد ،ٹیچر)اور ڈاکٹر مہندی حسن(بریلی-مرادآباد ،ٹیچر) کو پارٹی نے اپنا امیدوار بنایا ہے۔
سماج وادی پارٹی نے گریجویٹ انتخابی حلقے کے لئے آگرہ سے ڈاکٹر اسیم،میرٹھ سے شمشاد علی،لکھنؤ سے رام سنگھ رانا،وارانسی سے آشوتوش سنہا اور الہ آباد جھانسی سے ڈاکٹر مان سنگھ کو پارٹی کا امیدوار بنایا ہے۔ٹیچر انتخابی حلقےسے لکھنؤ سے اوما شنکر چودھری پٹیل،وارانسی سے لال بہاری،بریلی۔مرادآباد سے سنجے کمارمشرا،میرٹھ سے دھرمیندر کمار، آگرہ سے ہیویندر سنگھ چودھری،ہوا اور گورکھپور۔فیض آباد سے اودھیش کمار کو پارٹی نے اپنا امیدوار بنایا ہے۔
برسراقتدار بی جے پی اور بہوجن سماج پارٹی نے ابھی تک اپنے امیدواروں کے نام کا اعلان نہیں کیا۔