مساجد سے لاﺅڈ اسپیکر ہٹانے کے مطالبہ کا حامی نہیں: اٹھاولے

0

ناگپور (پی ٹی آئی) : مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے نے منگل کو کہا کہ ان کی پارکی آر پی آئی (اے) مسجدوں میں لاﺅڈ اسپیکر ہٹانے کے منسے کے سربراہ راج ٹھاکرے کے مطالبہ کی حمایت نہیں کرتی ہے۔ اٹھاولے نے میڈیا اہلکاروں سے بات چیت میں یہ بھی دعویٰ کیا کہ یہاں تک کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) بھی اس معاملے پر راج ٹھاکرے کی حمایت نہیں کرتی ہے۔ ان کی ری پبلکن پارٹی آف انڈیا (اٹھاولے) مرکز میں بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے کا حصہ ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ’اگر وہ (منسے) لاﺅڈ اسپیکر کا استعمال کرنا چاہتی ہے تو وہ کر سکتی ہے لیکن ہم مسجدوں سے لاﺅڈ اسپیکر ہٹانے کے مطالبہ کی مخالفت کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ (شیو سینا کے بانی) بالا صاحب ٹھاکرے بھی ایسے مطالبہ کے خلاف تھے۔ مجھے لگتا ہے کہ مذاہب کے درمیان ایسی خلیج نہیں پیدا کی جانی چاہیے۔‘ مہاراشٹر نو نرمان سینا (منسے) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے اذان کے لیے مسجدوں میں لاﺅڈ اسپیکر استعمال کیے جانے کی مخالفت کی ہے۔ انہوں نے مہاراشٹر سرکار سے 3 مئی تک مسجدوں سے لاﺅڈ اسپیکر ہٹوانے کو کہا ہے اور وارننگ دی ہے کہ ایسا نہ ہونے پر ان کی پارٹی مسجدوں کے سامنے ہنومان چالیسا کا پاٹھ کرائے گی۔ اٹھاولے نے کہا کہ بی جے پی نے ایسا کوئی رخ نہیں اپنایا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ میں یقین کرتے ہیں اور بی جے پی کے ذریعہ ایسا کوئی رخ اپنائے جانے کا امکان نہیں ہے۔ یہ راج ٹھاکرے کا ایجنڈا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS