لکھنؤ/ نئی دہلی، (پی ٹی آئی) : کرناٹک میں طالبات کے حجاب پہننے کے سلسلے میں پیدا شدہ تنازع پر کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بدھ کو کہا کہ کوئی خاتون کیا پہنے گی یہ طے کرنے کا حق کسی کو نہیں ہے۔
لکھنؤ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران پرینکا گاندھی سے حجاب تنازع کے سلسلے میں پوچھے گئے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ’ایک خاتون کا حق ہے، وہ بکنی پہننا چاہے، حجاب پہننا چاہے، وہ گھونگھٹ لگانا چاہے، وہ ساڑی پہننا چاہے یا جینس پہننا چاہے۔ اس میں کوئی سیاست کی بات نہیں ہے اور نہ ہی ہونی چاہیے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’کسی کو کوئی حق نہیں ہے کہ وہ کسی خاتون سے کہے کہ تم یہ پہنو۔‘ پرینکا گاندھی نے ان سے سوال پوچھنے والے صحافی سے کہا کہ ’میں آپ سے کہوں کہ آپ اپنا اسکارف نکالیے۔‘ اس پر صحافی نے کہا کہ وہ پریس کانفرنس میں ہیں اسکول میں نہیں۔ اس پر کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’مجھے آپ سے آپ کا اسکارف نکالنے کو کہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ اسی طرح سے کسی کو یہ حق بھی نہیں ہے کہ وہ یہ طے کرے کہ کوئی خاتون کیا پہنے گی۔‘ اس سے پہلے پرینکا گاندھی نے اس معاملے پر ’لڑکی ہوں، لڑ سکتی ہوں‘ ہیش ٹیگ سے ٹویٹ کیا کہ ’چاہے وہ بکنی ہو، گھونگھٹ ہو، جینس ہو یا حجاب ہو، یہ فیصلہ کرنے کا حق خواتین کا ہے کہ انہیں کیا پہننا ہے۔‘ پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’اس حق کی گارنٹی ہندوستانی آئین نے دی ہے۔ خواتین کا استحصال بند کرو۔‘
کسی کو خواتین کے کپڑے طے کرنے کاکوئی حق نہیں: پرینکاگاندھی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS