’او بی سی ذاتوں کی نہیں ہوگی مردم شماری‘

0

نئی دہلی (یو این آئی) : ذات پر مبنی مردم شماری کا مطالبہ کرنے والی مختلف سیاسی جماعتوں کو سیاسی دھچکا دیتے ہوئے مودی حکومت نے واضح کیا ہے کہ ملک میں ذات پر مبنی مردم شماری نہیں ہوگی۔مہاراشٹر حکومت کی جانب سے دائر عرضی کے جواب میں مرکزی حکومت نے عدالت عظمیٰ میں دائر حلف نامے میں واضح طور پر کہا ہے کہ انتظامی سطح پر ذات پر مبنی مردم شماری مشکل ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ سماجی و اقتصادی ذات پر مبنی مردم شماری2011میں بہت سی غلطیاں ہیں۔ مرکز کا کہنا ہے کہ پسماندہ طبقات کی ذات پر مبنی مردم شماری انتظامی طور پر مشکل کام ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر حکومت نے ایک عرضی دائر کی تھی، جس میں مرکز اور دیگر متعلقہ حکام سے دیگر پسماندہ طبقات سے متعلق سماجی و اقتصادی ذات پر مبنی مردم شماری 2011 کے اعداد و شمار کو عام کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ تمام درخواستوں کے بعد بھی یہ اعداد و شمار مہیا نہیں کیا جا رہا ہے۔ سکریٹری ، وزارت سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی جانب سے داخل حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ مرکز نے گزشتہ برس جنوری میں ایک نوٹیفکیشن جاری کرکے مردم شماری 2021 کیلئے جمع کی جانے والی معلومات کی تفصیلات طے کیا تھا جن میں ایس سی اور ایس ٹی سے متعلقہ اطلاعات سمیت کئی شعبوں کو شامل کیا گیا، لیکن اس میں ذات کی کسی دیگر کٹیگری کا ذکر نہیں کیا گیا ہے ۔ غور طلب ہے کہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں ایک وفد نے ذات پر مبنی مردم شماری کے مطالبے کے حوالے سے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی اور ایک میمورنڈم بھی دیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS