جنگجویت یا جنگجوئوں کی مدد کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا:منوج سنہا

0
Cross Town News

کولگام،(یو این آئی) : لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ جموں کشمیر میں جنگجویت یا جنگجوئوں کی مدد کرنے والے کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس خطہ میں اب جنگجویت کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے کیونکہ اس کی وجہ سے پہلے ہی نوجوانوں کی ایک نسل برباد ہو چکی ہے۔
منوج سنہا نے یہ باتیں اتوار کو یہاں کنڈ نامی علاقہ میں ایک عوامی دربار سے خطاب کے دوران کہیں۔ انہوں نے کولگام میں ہفتہ کی شام مشتبہ جنگجوئوں کے حملے میں جاں بحق ہونے والے جموں کشمیر پولیس اہلکار نثار احمد وگے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’بھارت ماتا کے بہادر سپوت شہید نثار احمد کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ میں سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر شریک ہوں۔ میں سوگوار خاندان سے کہنا چاہتا ہوں کہ جموں کشمیر کی پوری انتظامیہ آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ کولگام آنا اس لئے بھی ضروری تھا کیونکہ یہ بتانا لازمی بن گیا تھا کہ ڈرپوک جنگجوئوں کے سامنے یہاں کی انتظامیہ اور عوام نہیں جھکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’اگر کچھ لوگ پڑوسی ملک کی سازش کا شکار ہو کر یہاں دہشت پیدا کرنا چاہتے ہیں تو میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ اب یہاں پر جنگجویت کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ کئی خاندان برباد ہو چکے ہیں۔ کچھ لوگوں نے اپنے مفاد کے لئے یہاں کے نوجوانوں کی ایک نسل کو تباہ کر دیا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ضرورت اس بات کی ہے کہ یہاں کے لوگ بھی ترقی کا حصہ بنیں۔ جو بھی شخص جنگجویت یا جنگجوئوں کی مدد کرے گا، اسے کسی حال میں بھی بخشا نہیں جائے گا۔ بہادر جوان نثار احمد کا خون ضائع نہیں جائے گا۔ یہ سنتوں اور صوفی فقیروں کی دھرتی ہے، یہاں کسی بھی طرح کا تشدد خدا کے دکھائے ہوئے راستے کیخلاف ہے ۔‘ منوج سنہا نے کہا کہ کچھ مٹھی بھر لوگ ہیں جو پڑوسی ملک کے بہکاوے میں آ کر یہاں کی ترقی اور امن کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جموں کشمیر کے سبھی نوجوان آج پلیٹ فارم چاہتے ہیں۔ وہ کچھ کر کے دکھانا چاہتے ہیں۔ یہاں کی پوری انتظامیہ ان کو پلیٹ فارم مہیا کرنے کی کوشش میں لگی ہے۔‘

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS